نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس میں شرکت کے لیے کرغز جمہوریہ کے شہر چولپن عطا پہنچ گئے ہیں۔
وزارت خارجہ کے مطابق محمد اسحاق ڈار کی آمد پر کرغزستان کے نائب وزیر خارجہ کیرات ترسن کلوف، کرغزستان میں پاکستان کے سفیر الطمش وزیر، ایس سی او کے لیے پاکستان کے قومی رابطہ کار ڈاکٹر محمد فیصل اور وزارت خارجہ کے دیگر اعلیٰ حکام نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔
دورے کے دوران نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ ایس سی او کے وزرائے خارجہ کے اہم اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے، جس میں تنظیم کے رکن ممالک کے درمیان علاقائی تعاون، معاشی روابط، امن و استحکام، تجارت، رابطوں کے فروغ اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
محمد اسحاق ڈار ایس سی او وزرائے خارجہ کے غیر رسمی عشائیے میں شرکت کریں گے، جہاں رکن ممالک کے وزرائے خارجہ کے درمیان ملاقاتیں اور غیر رسمی گفتگو ہوگی، اس موقع پر اجلاس کے ایجنڈے اور علاقائی و عالمی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال متوقع ہے۔
کل ہونے والے ایس سی او وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس میں تنظیم کے مستقبل کے لائحہ عمل، رکن ممالک کے درمیان تعاون بڑھانے اور مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اقدامات پر غور کیا جائے گا، پاکستان ایس سی او کے پلیٹ فارم کو علاقائی امن، ترقی اور اقتصادی روابط کے فروغ کے لیے اہم فورم قرار دیتا ہے۔