خیبرپختونخوا میں 19 جولائی سے جاری موسلادھار بارشوں اور فلش فلڈ کے نتیجے میں مختلف حادثات میں اب تک جاں بحق افراد کی تعداد 28 ہوگئی ہے جبکہ 29 افراد زخمی ہیں ، بارشوں سے 47 مکانات کو بھی نقصان پہنچا ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق سیلابی بارشوں کے باعث گھروں کی چھتیں اور دیواریں گرنے جبکہ سیلابی ریلوں میں بہہ جانے کے واقعات پیش آئے ہیں ، جاں بحق ہونے والوں میں 10 مرد، 15 بچے اور 3 خواتین شامل ہیں، جبکہ زخمی افراد میں 13 مرد، 9 خواتین اور 7 بچے شامل ہیں۔
47 گھروں کو نقصان، 10 مکمل تباہ
پی ڈی ایم اے کے مطابق شدید بارشوں اور فلش فلڈ سے مجموعی طور پر 47 گھروں کو نقصان پہنچا، جن میں 37 گھروں کو جزوی جبکہ 10 گھروں کو مکمل نقصان پہنچا۔
بارشوں سے متاثرہ اضلاع
پی ڈی ایم اے کے مطابق بارشوں اور سیلابی صورتحال سے متاثرہ اضلاع میں پشاور، نوشہرہ، خیبر، مردان، بونیر، باجوڑ، شانگلہ، صوابی، اپر و لوئر چترال، اپر و لوئر دیر، ایبٹ آباد، مانسہرہ، ہری پور، اپر کوہستان، ٹانک، تورغر، کرم، شمالی و جنوبی وزیرستان شامل ہیں۔
امدادی سرگرمیاں جاری
پی ڈی ایم اے، ریسکیو 1122، ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ ادارے باہمی رابطے میں ہیں جبکہ متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔ پی ڈی ایم اے نے متاثرہ اضلاع کی انتظامیہ کو متاثرین کو جلد امدادی سامان فراہم کرنے اور امدادی کارروائیاں مزید تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے عوام سے اپیل کی ہے کہ بلا ضرورت سفر سے گریز کریں، حساس سیاحتی مقامات کا رخ نہ کریں اور حکومتی اداروں کی جانب سے جاری الرٹس اور ایڈوائزری پر عمل کریں۔
پی ڈی ایم اے کا ایمرجنسی آپریشن سینٹر مکمل طور پر فعال ہے۔ عوام کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی اطلاع، موسمی صورتحال سے آگاہی اور معلومات کے لیے فری ہیلپ لائن 1700 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔