نائب وزیراعظم کی ایران کے وزیر خارجہ سے ملاقات، دوطرفہ تعلقات اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال

نائب وزیراعظم کی ایران کے وزیر خارجہ سے ملاقات، دوطرفہ تعلقات اور علاقائی صورتحال  پر تبادلہ خیال

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے وزرائے خارجہ کونسل اجلاس کے موقع پر ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی سے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور ایران کے درمیان دیرینہ اور قریبی تعلقات کا اعادہ کرتے ہوئے خطے میں بدلتی ہوئی صورتحال کا جائزہ لیا۔

اسحاق ڈار نے حالیہ علاقائی کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دیرپا امن اور استحکام کے لیے تمام فریقوں کو مذاکرات، تحمل، کشیدگی میں کمی اور مسلسل سفارتی روابط کو فروغ دینا چاہیے۔ انہوں نے جون 2026 میں اسلام آباد میں ہونے والی مفاہمتی یادداشت (MoU) کے تحت طے پانے والی مفاہمتوں پر عملدرآمد کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

یہ بھی پڑھیں: امریکا کا ایران پر مسلسل 13ویں رات بھی حملہ، فوجی اہداف کو نشانہ بنانے کا دعویٰ

ایرانی وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے خطے میں امن و سلامتی کے فروغ کے لیے پاکستان کی مسلسل سفارتی حمایت اور تعمیری کردار کو سراہا۔ انہوں نے ایرانی ماہی گیروں اور عملے کی محفوظ وطن واپسی میں پاکستان کے تعاون پر بھی شکریہ ادا کیا، جن میں وہ افراد بھی شامل تھے جن کی کشتیاں امریکی حکام نے روک لی تھیں۔

عباس عراقچی نے کہا کہ پاکستان نے ایرانی، امریکی اور دیگر متعلقہ حکام کے ساتھ مؤثر رابطہ رکھ کر ایرانی شہریوں کی پاکستان کے راستے محفوظ واپسی کو یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔

یہ بھی پڑھیں: امریکہ ایران کشیدگی ، عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں مزید اضافہ

ملاقات کے اختتام پر دونوں وزرائے خارجہ نے باہمی دلچسپی کے امور پر قریبی رابطے اور باقاعدہ مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا اور خطے میں امن، استحکام اور مشترکہ خوشحالی کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

Related Articles