مردہ کوا، زندہ کوّوں کے لیے خطرے کا الارم، نئی تحقیق سامنے آگئی

مردہ کوا، زندہ کوّوں کے لیے خطرے کا الارم، نئی تحقیق سامنے آگئی

اگر کسی جانور کا ساتھی مر جائے تو عموماً دوسرے جانور وہاں سے دور چلے جاتے ہیں، لیکن کوّوں کا رویہ اس کے بالکل برعکس ہوتا ہے۔ جب کسی مقام پر مردہ کوا نظر آتا ہے تو اردگرد موجود درجنوں کوّے شور مچاتے ہوئے وہاں جمع ہو جاتے ہیں، اس کے گرد چکر لگاتے ہیں اور بلند آواز میں مسلسل آوازیں نکالتے ہیں۔ اس عمل کو عام طور پر ’’کرو فیونرل ‘‘کہا جاتا ہے۔

تاہم امریکہ کی یونیورسٹی آف واشنگٹن کے اسکول آف انوائرنمنٹل اینڈ فاریسٹ سائنسز سے تعلق رکھنے والے محققین ڈاکٹر جان مارزلف اور ڈاکٹر کیلی سوئفٹ کی تحقیق کے مطابق یہ سوگ منانے کی رسم نہیں بلکہ اپنی بقا کے لیے خطرات کا جائزہ لینے کا ایک طریقہ ہے۔

یہ بھی پڑھیں:قازقستان کی پراسرار کینڈی جھیل، جہاں درخت الٹے اگتے دکھائی دیتے ہیں

تحقیق کے دوران ڈاکٹر کیلی سوئفٹ نے رضاکاروں کو مختلف لیٹیکس ہالووین ماسک پہنائے اور ان سے کہا گیا کہ وہ تقریباً 30 منٹ تک ایک محفوظ کیے گئے مردہ کوے کو ہاتھ میں پکڑے رکھیں۔نتائج سے معلوم ہوا کہ زندہ کوّے نہ صرف شور مچاتے ہوئے وہاں جمع ہوئے بلکہ انہوں نے ماسک پہنے شخص کا چہرہ بھی یاد رکھ لیا۔

چند روز بعد جب وہی شخص دوبارہ اسی ماسک کے ساتھ آیا، حالانکہ اس کے ہاتھ میں کوئی مردہ کوا نہیں تھا، تب بھی کوّوں نے اسے خطرہ سمجھتے ہوئے شور مچایا، اس پر جھپٹنے کی کوشش کی اور اسے علاقے سے بھگانے کی کوشش کی۔

یہ بھی پڑھیں:اٹلی میں الٹا اگنے والا انجیر کا درخت دنیا بھر کی توجہ کا مرکز بن گیا

تحقیق کی سب سے دلچسپ بات یہ تھی کہ کوّے صرف خود ہی خطرناک چہروں کو یاد نہیں رکھتے بلکہ ایک دوسرے کو بھی اس بارے میں خبردار کرتے ہیں۔ وہ کوّے جو ابتدائی واقعے کے وقت موجود نہیں تھے، بعد میں بھی اسی شخص کو دیکھ کر جارحانہ رویہ اختیار کرتے رہے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ خطرے کی معلومات پوری کالونی میں منتقل ہو جاتی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:رات کے اندھیرے میں خود چمکنے والی سڑکیں، آسٹریلیا کی نئی ٹیکنالوجی

ریسرچرزکے مطابق یہ یادداشت کئی برس تک برقرار رہ سکتی ہے، جس سے کوّوں کی غیرمعمولی ذہانت، چہروں کو پہچاننے کی صلاحیت اور اجتماعی سیکھنے کا عمل واضح ہوتا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ جسے عام طور پر ’’کرو فیونرل‘‘ سمجھا جاتا ہے، وہ درحقیقت کوّوں کی جانب سے خطرات کا تجزیہ، دشمن کی شناخت اور نئی نسل کو ممکنہ خطرات سے آگاہ کرنے کا ایک قدرتی نظام ہے۔

editor

Related Articles