بارشوں کا نیا طاقتوراسپیل آنے کو ہے ، محکمہ موسمیات نے آئندہ پانچ روز تک گرج چمک کے ساتھ بارشوں کی پیشگوئی کر دی ہے۔
پی ڈی ایم اے نے ممکنہ موسلا دھار بارشوں کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ اور شہریوں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش
لاہور، راولپنڈی، اسلام آباد اور پنجاب کے مختلف شہروں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، بارش کے باعث موسم خوشگوار ہو گیا ہے، جبکہ تیز ہواؤں نے درجہ حرارت میں بھی نمایاں کمی کر دی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں اس وقت درجہ حرارت 27 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 32 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔ اسی طرح آئندہ ہفتے بھی مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
پی ڈی ایم اے کا الرٹ
دوسری جانب پی ڈی ایم اے نے موسلا دھار بارش کے دوران ندی نالوں میں ممکنہ طغیانی کے خدشے کے پیش نظر تمام ڈپٹی کمشنرز کو مراسلہ جاری کر دیا ہے، ادارے نے ضلعی انتظامیہ، ریسکیو اداروں اور متعلقہ محکموں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔
اس کے علاوہ شہریوں کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ برساتی نالوں، ندیوں، بجلی کے کھمبوں اور خستہ حال عمارتوں کے قریب جانے سے گریز کریں ، والدین کو چاہیے کہ بارش کے دوران بچوں پر خصوصی نظر رکھیں اور غیر ضروری سفر سے حتیٰ الامکان اجتناب کریں۔
اگرچہ بارشوں نے شدید گرمی کا زور توڑ دیا ہے اور لوگوں نے موسم میں خوشگوار تبدیلی کا خیرمقدم کیا ہے، تاہم مسلسل بارش کے باعث شہری علاقوں میں پانی جمع ہونے، ٹریفک کی روانی متاثر ہونے اور نشیبی علاقوں میں مشکلات بڑھنے کا خدشہ بھی موجود ہے۔
دریاؤں میں طغیانی
دوسری جانب ملک کے مختلف علاقوں میں مون سون بارشوں کے بعد دریاؤں اور ندی نالوں میں پانی کی سطح بڑھ رہی ہے جسے مسلسل مانیٹر کی جا رہی ہے۔
این ڈی ایم اے کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشنز سینٹر (این سی او سی) نے دریاؤں کی تازہ صورتحال جاری کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں کے دوران پنجاب، خیبرپختونخوا اور شمالی بلوچستان کے بعض علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا امکان ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ شہری موسمی صورتحال پر نظر رکھیں، متعلقہ اداروں کی ہدایات پر عمل کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں احتیاط کو ترجیح دیں۔