میرپورمیں الیکشن کیلئے پولنگ میٹریل کی ترسیل جاری،سیکیورٹی کے سخت انتظامات

میرپورمیں الیکشن کیلئے پولنگ میٹریل کی ترسیل جاری،سیکیورٹی کے سخت انتظامات

ضلع میرپور میں 27 جولائی کو ہونے والے عام انتخابات کے انعقاد کے لیے انتظامات آخری مرحلے میں داخل ہوگئے ہیں، جہاں پولنگ مٹیریل کی ترسیل کا عمل ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر جہانگیر احمد جرال کی نگرانی میں جاری ہے،انتخابی عمل کو شفاف، منظم اور پرامن بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں نے تمام ضروری انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق میرپور کے 611 پولنگ اسٹیشنز کے لیے بیلٹ پیپرز، بیلٹ بکس، انتخابی ریکارڈ اور دیگر ضروری سامان مقررہ مقامات پر روانہ کیا جا رہا ہے، جبکہ پریذائیڈنگ افسران اور پولنگ عملے کو سخت سیکیورٹی حصار میں ان کے متعلقہ پولنگ اسٹیشنز کی جانب بھیجا گیا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ ضلع میرپور کے چاروں انتخابی حلقوں میں الیکشن 2026 کے پرامن اور شفاف انعقاد کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں،پولنگ کے دوران امن و امان برقرار رکھنے اور ووٹرز کو محفوظ ماحول فراہم کرنے کے لیے سیکیورٹی کے خصوصی اقدامات کیے گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں :میرپور ڈویژن میں انتظامات مکمل، عوام بے خوف و خطر ووٹ ڈالیں، چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیر

انتخابی عمل کو کامیابی سے مکمل کرانے کے لیے ضلع بھر میں 3,643 اہلکاروں پر مشتمل پولنگ اسٹاف تعینات کیا گیا ہے، جو مختلف پولنگ اسٹیشنز پر اپنی ذمہ داریاں انجام دیں گے۔

انتظامیہ کے مطابق میرپور میں قائم 320 انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز پر اضافی سیکیورٹی تعینات کی گئی ہے، جبکہ قانون نافذ کرنے والے ادارے کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر الرٹ ہیں۔

ضلعی انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ پولنگ کے روز انتخابی ضابطہ اخلاق پر عمل کریں، قانون نافذ کرنے والے اداروں سے تعاون کریں اور اپنا حقِ رائے دہی ذمہ داری کے ساتھ استعمال کرتے ہوئے پرامن انتخابی ماحول کو یقینی بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔

editor

Related Articles