سائبر فراڈ کے بڑھتے ہوئے واقعات کے پیش نظر واٹس ایپ صارفین کے لیے اپنے اکاؤنٹ کی سیکیورٹی مزید مضبوط بنانا انتہائی ضروری ہوگیا ہے معمولی سی احتیاط صارفین کو ہیکنگ، فراڈ اور ذاتی معلومات کے غلط استعمال سے محفوظ رکھ سکتی ہے۔
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے آگاہی مہم کے ذریعے صارفین کو خبردار کیا ہے کہ وہ اپنے واٹس ایپ اکاؤنٹس کو محفوظ بنانے کے لیے ضروری حفاظتی اقدامات ضرور اختیار کریں۔
پی ٹی اے کے مطابق سائبر جرائم میں ملوث عناصر مسلسل افراد کے واٹس ایپ اکاؤنٹس تک رسائی حاصل کرنے کی کوشش کرتے رہتے ہیں، اس لیے صارفین کو اپنی ڈیجیٹل سیکیورٹی پر خصوصی توجہ دینی چاہیے۔
سیکیورٹی نوٹیفکیشن فیچر لازمی فعال کریں
واٹس ایپ اکاؤنٹ کو محفوظ بنانے کے لیے سیکیورٹی نوٹیفکیشن فیچر کو آن کرنا ایک اہم قدم ہےاس کے لیے،واٹس ایپ کھولی سیٹنگز میں جائیں
اکاؤنٹ کے آپشن پر کلک کریں،سیکیورٹی نوٹیفکیشن میں جا کر Show Security Notifications کو فعال کریں ،اس فیچر کے فعال ہونے سے اگر اکاؤنٹ کی سیکیورٹی سے متعلق کوئی تبدیلی ہوتی ہے تو صارف کو فوری اطلاع موصول ہوجاتی ہے۔
اکاؤنٹ کے ساتھ محفوظ ای میل ضرور منسلک کریں
ماہرین کے مطابق واٹس ایپ اکاؤنٹ کے ساتھ ایک محفوظ اور فعال ای میل ایڈریس منسلک رکھنا بھی ضروری ہے، تاکہ کسی بھی مسئلے کی صورت میں اکاؤنٹ کی بازیابی آسان ہوسکے۔
ٹو اسٹیپ ویری فکیشن ہیکرز کے خلاف مضبوط دیوار
واٹس ایپ کا ٹو اسٹیپ ویری فکیشن فیچر صارفین کے اکاؤنٹ کو اضافی تحفظ فراہم کرتا ہے،اس فیچر کے ذریعے اگر کوئی شخص آپ کے اکاؤنٹ تک رسائی حاصل کرنے کی کوشش کرے تو اسے اضافی تصدیقی مرحلے سے گزرنا پڑتا ہے، جس سے ہیکنگ کے امکانات کم ہوجاتے ہیں۔
چھوٹی سی احتیاط، بڑے نقصان سے بچاؤ
ڈیجیٹل دنیا میں ذرا سی لاپرواہی صارفین کے ذاتی ڈیٹا، تصاویر، پیغامات اور مالی معلومات کو خطرے میں ڈال سکتی ہے، جبکہ چند آسان حفاظتی اقدامات اپنا کر واٹس ایپ اکاؤنٹ کو محفوظ بنایا جا سکتا ہے،آن لائن تحفظ کے لیے محتاط رہیں، مشکوک لنکس سے بچیں اور اپنے اکاؤنٹ کی سیکیورٹی سیٹنگز کو ہمیشہ فعال رکھیں۔