وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہاہے کہ بھارتی خفیہ ایجنسی را سے منسلک پاکستان مخالف سوشل میڈیا پروپیگنڈا نیٹ ورک بے نقاب ہوگیا ہے، جبکہ کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے بھارت سے روابط کے شواہد بھی سامنے آئے ہیں۔
اپنے ویڈیو بیان میں عطا اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ ایک منظم انداز میں سوشل میڈیا پر ایسا مواد پھیلایا جاتا رہا جس کا مقصد عوام کو ریاستی اداروں کے خلاف اکسانا اور ملک میں بداعتمادی کی فضا پیدا کرنا تھا۔
انہوں نے کہا کہ کالعدم ایکشن کمیٹی سے وابستہ عناصر کو اپنے طرز عمل پر قوم کو جواب دینا ہوگا،اگر یہ عناصر واقعی کشمیر کے مفادات کے حامی ہیں تو انہیں جمہوری راستہ اختیار کرتے ہوئے انتخابات میں حصہ لینا چاہیے، کیونکہ طاقت، تشدد یا سڑکوں پر دباؤ ڈالنے کی سیاست کا کشمیر کاز سے کوئی تعلق نہیں ہوسکتا۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ سیکیورٹی اداروں نے ایک ایسے شخص کو گرفتار کیا ہے جو بظاہر ڈیجیٹل مارکیٹنگ کے شعبے سے وابستہ تھا، تاہم ابتدائی تحقیقات میں اس کے پاکستان مخالف پروپیگنڈا مہم کا حصہ ہونے کے شواہد سامنے آئے ہیں۔
عطا تارڑ کے مطابق تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی کہ مذکورہ شخص کو بھارت سے مواد فراہم کیا جا رہا تھا، جس کا تعلق کالعدم ایکشن کمیٹی کے حوالے سے سوشل میڈیا مہم چلانے اور مخصوص بیانیے کو فروغ دینے سے تھا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کے خلاف جھوٹی معلومات اور گمراہ کن مہم چلانے والے عناصر کی کڑیاں بھارت سے ملتی ہیں، جبکہ ایسی سرگرمیوں کا مقصد ریاستی اداروں اور عوام کے درمیان فاصلے پیدا کرنا اور بداعتمادی کو ہوا دینا تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے معاملے کے تمام پہلوؤں کی تحقیقات کر رہے ہیں، جبکہ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ملوث عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔