استحکام پاکستان پارٹی کے صدر عبدالعلیم خان نے آزاد جموں و کشمیر کے عوام بالخصوص نوجوانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ آئندہ انتخابات میں اپنے ووٹ کا استعمال ذمہ داری، شعور اور مستقبل کو سامنے رکھتے ہوئے کریں، ان کا کہنا ہے کہ انتخابات صرف حکومت کے انتخاب کا عمل نہیں بلکہ آنے والی نسلوں کی سمت، خطے کی ترقی اور عوامی خوشحالی کے تعین کا اہم موقع ہوتے ہیں۔
اپنے ویڈیو پیغام میں عبدالعلیم خان نے کہا کہ آزاد کشمیر کی حقیقی ترقی کے لیے ضروری ہے کہ خطے میں مضبوط معاشی بنیادیں قائم کی جائیں، مقامی سطح پر آمدنی کے ذرائع بڑھائے جائیں اور ایسے اقدامات کیے جائیں جن سے معاشی خود انحصاری کو فروغ مل سکے۔
انہوں نے کہا کہ جب تک آزاد کشمیر اپنی معیشت کو مضبوط نہیں کرتا اور وسائل میں اضافہ نہیں کرتا، اس وقت تک بڑے ترقیاتی منصوبوں اور عوامی فلاح و بہبود کے اہداف کو مکمل طور پر حاصل کرنا مشکل ہوگا۔
عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ خطے میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنا وقت کی ضرورت ہے تاکہ مقامی اور بیرونی سرمایہ کار اعتماد کے ساتھ سرمایہ کاری کرسکیں، کاروباری سرگرمیوں میں اضافہ ہو اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ معاشی سرگرمیوں میں اضافے کا سب سے بڑا فائدہ نوجوان نسل کو ہوگا، جہاں تعلیم یافتہ نوجوانوں سمیت خواتین اور مردوں کے لیے باعزت روزگار کے مواقع پیدا کیے جاسکیں گے۔
صدر استحکام پاکستان پارٹی نے آزاد کشمیر کے سیاحتی شعبے کو بھی ترقی کا اہم ذریعہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ خطہ قدرتی حسن، خوبصورت وادیوں اور سیاحتی مقامات سے مالا مال ہے۔
اگر سیاحت کو جدید تقاضوں کے مطابق فروغ دیا جائے، سہولیات بہتر بنائی جائیں اور سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کی جائے تو اس سے نہ صرف آمدنی میں اضافہ ہوگا بلکہ مقامی معیشت بھی مضبوط ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ انتخابات عوام کو ہر چند سال بعد اپنے مستقبل کے فیصلے کا موقع فراہم کرتے ہیں، اس لیے ووٹرز کو ذاتی وابستگیوں یا وقتی نعروں کے بجائے ترقی، کارکردگی اور عوامی خدمت کو مدنظر رکھتے ہوئے فیصلہ کرنا چاہیے۔
عبدالعلیم خان نے کہا کہ عوام ایسے نمائندوں کا انتخاب کریں جو دیانت داری، خدمت اور ترقی کا واضح وژن رکھتے ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ ماضی کے تجربات کو سامنے رکھتے ہوئے ووٹ کا استعمال سوچ سمجھ کر کیا جانا چاہیے تاکہ آزاد کشمیر کو بہتر مستقبل کی جانب لے جایا جاسکے۔
انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ خود بھی ووٹ ڈالیں اور اپنے خاندانوں میں بھی سیاسی شعور اجاگر کریں۔ ان کے مطابق ووٹ کسی ایک فرد کے لیے نہیں بلکہ پورے خاندان، علاقے اور آنے والی نسلوں کے مستقبل کے لیے ہوتا ہے۔
عبدالعلیم خان نے کہا کہ ووٹ ڈالنے سے پہلے شہریوں کو اپنے علاقے کے مسائل، ترقیاتی ضروریات اور ماضی کے وعدوں کا جائزہ ضرور لینا چاہیے تاکہ وہ درست فیصلہ کرسکیں۔
انہوں نے کہا مزید کہ آزاد کشمیر کے عوام کے پاس ایک اہم موقع ہے کہ وہ اپنے ووٹ کے ذریعے ایسا مستقبل منتخب کریں جو زیادہ ترقی یافتہ، خوشحال، مضبوط اور بااختیار ہو۔
صدر استحکام پاکستان پارٹی نے کشمیری عوام سے اپیل کی کہ وہ جمہوری عمل میں بھرپور حصہ لیں، اپنے ووٹ کی اہمیت کو سمجھیں اور ایسا فیصلہ کریں جو آزاد کشمیر کی ترقی اور خوشحالی کا باعث بنے۔