آزاد کشمیرالیکشن،ووٹرز کا غیر معمولی ٹرن آئوٹ، پولنگ کا وقت ایک گھنٹہ بڑھا دیا گیا

آزاد کشمیرالیکشن،ووٹرز کا غیر معمولی ٹرن آئوٹ، پولنگ کا وقت ایک گھنٹہ بڑھا دیا گیا

آزاد کشمیر کے میرپور ڈویژن میں جاری انتخابی عمل کے دوران ووٹرز کی غیر معمولی تعداد پولنگ اسٹیشنوں پر پہنچ گئی، جس کے پیش نظر چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیر کی ہدایت پر 13 انتخابی حلقوں میں پولنگ کا وقت ایک گھنٹہ بڑھا دیا گیا، فیصلے کا مقصد یہ یقینی بنانا ہے کہ پولنگ اسٹیشنوں پر موجود ہر اہل ووٹر اپنا حقِ رائے دہی استعمال کر سکے۔

انتخابی عمل کے دوران مختلف علاقوں میں صبح سے ہی ووٹرز کا غیر معمولی جوش و خروش دیکھنے میں آیا، نوجوانوں، خواتین، بزرگوں اور پہلی بار ووٹ ڈالنے والے شہریوں کی بڑی تعداد پولنگ اسٹیشنوں پر موجود رہی، جس کے باعث متعدد مقامات پر ووٹرز کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔

یہ بھی پڑھیں :آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی انتخابات، سرکاری ملازمین اور الیکشن ڈیوٹی پر مامور افراد کا پرامن پولنگ کا عمل مکمل

الیکشن حکام کے مطابق ووٹرز کے غیر معمولی ٹرن آؤٹ کو مدنظر رکھتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیر نے میرپور ڈویژن کے 13 حلقوں میں پولنگ کا وقت ایک گھنٹہ بڑھانے کے احکامات جاری کیے، تاکہ مقررہ وقت تک قطاروں میں موجود تمام ووٹرز بلا رکاوٹ اپنا ووٹ کاسٹ کر سکیں۔

عوام کی بھرپور شرکت اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ آزاد کشمیر کے عوام نے جمہوری عمل اور ووٹ کی طاقت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے، بڑی تعداد میں شہری اپنے نمائندوں کے انتخاب کے لیے گھروں سے نکلے اور انتخابی عمل میں سرگرم حصہ لیا۔

مجموعی طور پر پولنگ کا عمل پُرامن ماحول میں جاری ہے جبکہ سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، قانون نافذ کرنے والے ادارے اور انتخابی عملہ تمام پولنگ اسٹیشنوں پر موجود ہیں تاکہ شفاف، منصفانہ اور پرامن انتخابات کو ہر صورت یقینی بنایا جا سکے۔

editor

Related Articles