فلم میں کام کرنے کے لئے اداکارہ میرا کا انوکھا مطالبہ

فلم میں کام کرنے کے لئے اداکارہ میرا کا انوکھا مطالبہ

پاکستانی فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ میرا نے حکومتی سرپرستی میں بننے والی فلموں میں کام کرنے کے معاوضے سے متعلق دلچسپ مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر وہ کسی سرکاری فنڈ سے بننے والی فلم کا حصہ بنیں تو ان کا معاوضہ 50 لاکھ روپے ہونا چاہیے جبکہ متبادل کے طور پر انہیں ایک یا دو سنیما گھروں کی ملکیت بھی دی جا سکتی ہے۔

ایک حالیہ انٹرویو میں گفتگو کرتے ہوئے میرا کا کہنا تھا کہ اگر کسی وجہ سے حکومت ان کا معاوضہ نقد ادا نہ کر سکے تو اس کے بدلے سنیما گھروں کی ملکیت دینا ایک قابلِ غور تجویز ہو سکتی ہے۔ ان کے مطابق اس سے نہ صرف انہیں فائدہ ہوگا بلکہ ملکی فلمی صنعت کو بھی فروغ ملے گا۔

اداکارہ نے اس موقع پر پاکستان کی فلم انڈسٹری کی موجودہ صورتحال پر بھی بات کرتے ہوئے کہا کہ صرف فلمیں بنانے سے صنعت ترقی نہیں کر سکتی، بلکہ اس شعبے میں سرمایہ کاری، جدید انفرااسٹرکچر کی فراہمی اور سنیما گھروں کی تعداد میں اضافہ بھی وقت کی اہم ضرورت ہے۔

یہ بھی پڑھیں: اریجیت سنگھ نے پلے بیک گلوکاری میں واپسی کر لی، نئی فلم کا گانا ریلیز کے لیے تیار

میرا کے مطابق اگر حکومت واقعی فلمی صنعت کو مضبوط بنانا چاہتی ہے تو اسے ایسے منصوبوں پر توجہ دینی چاہیے جو فلم سازی کے ساتھ ساتھ فلموں کی نمائش کے نظام کو بھی بہتر بنائیں، کیونکہ کسی بھی ملک کی فلمی صنعت کی کامیابی میں سنیما گھروں کا بنیادی کردار ہوتا ہے۔

اداکارہ کے انٹرویو کا مختصر ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد صارفین کی جانب سے مختلف آراء سامنے آ رہی ہیں۔ بعض افراد نے میرا کے مؤقف کو فلمی صنعت کی بہتری کے تناظر میں مثبت قرار دیا، جبکہ دیگر صارفین نے ان کے معاوضے اور سنیما گھروں سے متعلق تجویز پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے دلچسپ تبصرے کیے۔

Related Articles