عالمی سطح پر خام تیل کی قیمتوں میں کمی کا رجحان شروع ہو گیا ہے، وزیر پیٹرولیم

عالمی سطح پر خام تیل کی قیمتوں میں کمی کا رجحان شروع ہو گیا ہے، وزیر پیٹرولیم

وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے حوالے سے اہم بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی سطح پر خام تیل کی قیمتوں میں کمی کا رجحان شروع ہو گیا ہے، جس کے اثرات آنے والے دنوں میں نظر آ سکتے ہیں۔

علی پرویز ملک کا کہنا تھا کہ باب المندب میں پھنسے ہوئے آئل ٹینکرز اب نکل آئے ہیں، جبکہ عالمی مارکیٹ میں خام تیل، پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں کمی کی جانب بڑھ رہی ہیں، انہوں نے کہا کہ گزشتہ چند دنوں کے دوران قیمتوں میں جو اضافہ ہوا تھا، اب اس صورتحال میں بہتری آنا شروع ہو گئی ہے۔

وفاقی وزیر نے واضح کیا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی یا اضافے کا حتمی فیصلہ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کے مقرر کردہ فارمولے کے تحت کیا جائے گا، انہوں نے کہا کہ عالمی قیمتوں، درآمدی لاگت اور دیگر عوامل کو مدنظر رکھتے ہوئے اوگرا قیمتوں کا تعین کرے گا۔

علی پرویز ملک نے آئل ٹینکرز مالکان کے مسائل کا بھی ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کے معاملات کے حل کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے، کمیٹی آئل ٹینکرز کے کرایوں اور کوٹے سے متعلق مسائل کا جائزہ لے گی تاکہ معاملات کو بہتر انداز میں حل کیا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں :عالمی مارکیٹ میں خام تیل سستا، پاکستان میں بھی پیٹرول قیمتوں میں کمی کا امکان

دوسری جانب عالمی منڈی میں بھی خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے،ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی میں کمی کے بعد مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں نیچے آئی ہیں۔

برینٹ کروڈ آئل کی قیمت میں 9.26 فیصد کمی کے بعد یہ 87.82 ڈالر فی بیرل پر آ گئی، جبکہ ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (WTI) کروڈ آئل کی قیمت 7.64 فیصد کمی کے بعد 82.49 ڈالر فی بیرل ریکارڈ کی گئی،وزیر پیٹرولیم کے مطابق اگر عالمی مارکیٹ میں یہی رجحان برقرار رہا تو پاکستان میں بھی آئندہ قیمتوں کے تعین کے دوران عوام کو ریلیف ملنے کا امکان ہے۔

editor

Related Articles