کیا آپ جانتے ہیں دنیا کے مشہور ترین شہروں میں شامل ایک شہر ایسا بھی ہے جس کا اصل نام اتنا طویل ہے کہ اسے یاد رکھنا بھی ایک چیلنج بن جاتا ہے؟
یہ شہر تھائی لینڈ کا دارالحکومت بینکاک ہے، مگر دلچسپ حقیقت یہ ہے کہ جس نام سے دنیا اسے جانتی ہے وہ اس کا سرکاری نام نہیں، شہر کا روایتی مکمل نام 168 حروف پر مشتمل ہے، جسے دنیا کے طویل ترین جغرافیائی ناموں میں شمار کیا جاتا ہے۔
اتنا طویل نام ہونے کی وجہ سے خود تھائی شہری بھی عام گفتگو میں اسے استعمال نہیں کرتے،وہاں کے لوگ دارالحکومت کو زیادہ تر مختصر نام کرونگ تھیپ یا کرونگ تھیپ مہا ناکھون کہتے ہیں۔
اس منفرد نام کو گنیز ورلڈ ریکارڈ میں بھی دنیا کے طویل ترین مقام کے ناموں میں شامل کیا گیا ہے، نام کا تعلق سنسکرت اور پالی زبانوں سے ہے، جس کا مختصر مفہوم فرشتوں کا عظیم شہر بنتا ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ بنکاک نام کیسے مشہور ہوا، اس بارے میں مختلف روایات موجود ہیں ایک روایت کے مطابق یہ نام اس علاقے کے پرانے گاؤں یا مقام اور وہاں پائے جانے والے جنگلی آلو بخاروں سے جڑا ہوا ہے۔
2022 میں تھائی حکومت نے اعلان کیا تھا کہ ملک کے دارالحکومت کے لیے Bangkok کے ساتھ Krung Thep Maha Nakhon نام بھی سرکاری طور پر استعمال کیا جا سکتا ہے،یعنی جس شہر کو دنیا چند سیکنڈ میں بینکاک کہہ دیتی ہے، اس کا اصل نام پڑھنے میں ہی کئی لمحے لگ جاتے ہیں۔