عمران خان کی بہن نورین نیازی قانون کی گرفت میں آ گئیں

عمران خان کی بہن نورین نیازی قانون کی گرفت میں آ گئیں

بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی بہن نورین نیازی کے خلاف نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) اسلام آباد میں پیکا ایکٹ 2016 اور تعزیراتِ پاکستان کی مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا۔ ایف آئی آر میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ انہوں نے ایک پوڈکاسٹ انٹرویو کے ذریعے ریاستی اداروں خصوصاً مسلح افواج پاکستان کے خلاف مبینہ طور پر جھوٹا اشتعال انگیز اور گمراہ کن مواد پھیلایا۔

ایف آئی آر کے مطابق نورین نیازی نے اپنے پوڈکاسٹ انٹرویو میں پاکستان کی ریاست اور اس کے اداروں پر ایسے الزامات عائد کیے جنہیں تفتیشی حکام نے بے بنیاد قرار دیا ہے۔ مقدمے میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ان بیانات کا مقصد عوام کا ریاستی اداروں پر اعتماد مجروح کرنا بداعتمادی پیدا کرنا اور خوف و ہراس کی فضا قائم کرنا تھا۔

تحقیقات کے مطابق متنازعہ پوڈکاسٹ بعد ازاں سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) سمیت مختلف آن لائن پلیٹ فارمز پر شیئر کیا گیا جہاں یہ تیزی سے وائرل ہوا۔ ایف آئی آر میں الزام ہے کہ اس مواد کے ذریعے ریاستی اور سکیورٹی اداروں کے خلاف منظم پروپیگنڈا کیا گیا اور عوام میں نفرت اور اشتعال انگیزی پھیلانے کی کوشش کی گئی۔

یہ بھی پڑھیں:بجلی صارفین کے لیے بڑی خوشخبری، بجلی بل جمع کرانے کا نیا طریقہ متعارف

حکام کے مطابق مقدمہ پیکا ایکٹ 2016 کی دفعات 20 اور 26-A جبکہ تعزیراتِ پاکستان کی دفعات 505 اور 506 کے تحت درج کیا گیا ہے۔ ایف آئی آر میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ نورین نیازی نے مبینہ طور پر معرکۂ حق کے دوران افواجِ پاکستان کی کامیابیوں کو جھٹلانے اور جھوٹا بیانیہ پیش کرنے کی کوشش کی جس سے ریاستی اداروں کے خلاف منفی تاثر پیدا ہوا۔

دستاویزات کے مطابق این سی سی آئی اے نے نورین نیازی کو متعدد مرتبہ نوٹس جاری کیے اور انہیں بیان ریکارڈ کرانے اور تفتیش میں شامل ہونے کی ہدایت کی تاہم ان کے پیش نہ ہونے پر ابتدائی شواہد کی بنیاد پر مقدمہ درج کر لیا گیا۔

نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کا کہنا ہے کہ کیس کی مزید تفتیش جاری ہے جبکہ اس معاملے میں دیگر ممکنہ کرداروں اور سہولت کاروں کا تعین بھی تحقیقات کے دوران کیا جائے گا۔ حکام کے مطابق شواہد کی روشنی میں قانون کے مطابق مزید کارروائی عمل میں لائی جائے گی

Qaisar Mirza
editor

Related Articles