نجی اسکولوں کی نمائندہ تنظیم نے پنجاب حکومت سے گرمیوں کی تعطیلات کے دورانیے میں کمی کرتے ہوئے صوبے بھر کے نجی تعلیمی اداروں کو مقررہ تاریخ سے قبل کھولنے کی اجازت دینے کا مطالبہ کر دیا ہے۔ تنظیم کا مؤقف ہے کہ اسکول جلد کھولنے سے طلبہ کا تعلیمی نقصان کم ہوگا اور تدریسی سرگرمیاں بروقت بحال ہو سکیں گی۔
تفصیلات کے مطابق پرائیویٹ اسکول سلوشنز آف پاکستان کے صدر ملک عبدالصمد کی زیر صدارت ایک اجلاس منعقد ہوا، جس میں نجی تعلیمی اداروں کو درپیش مسائل، حکومتی پابندیوں اور تعلیمی سرگرمیوں کے تسلسل کو برقرار رکھنے کے لیے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا۔
اجلاس کے دوران نجی اسکولوں کی نمائندہ تنظیم نے پنجاب حکومت سے مطالبہ کیا کہ موجودہ شیڈول کے تحت 24 اگست 2026 کے بجائے اسکولوں کو 3 اگست 2026 سے ہی دوبارہ کھولنے کی اجازت دی جائے۔ شرکاء کا کہنا تھا کہ تعلیمی اداروں کی جلد بحالی سے طلبہ کا تعلیمی حرج نہیں ہوگا، بلکہ نصاب کی بروقت تکمیل اور تدریسی عمل کے تسلسل کو یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پرائیویٹ اسکول سلوشنز آف پاکستان کے صدر ملک عبدالصمد نے تمام غیر رجسٹرڈ نجی اسکولوں پر بھی زور دیا کہ وہ فوری طور پر اپنی رجسٹریشن مکمل کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ قانونی تقاضے پورے کرنے والے رجسٹرڈ تعلیمی ادارے ہی مستقل بنیادوں پر اپنی تعلیمی خدمات جاری رکھ سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ پنجاب حکومت نے صوبے بھر کے تمام سرکاری اور نجی اسکولوں و کالجوں کے لیے 22 مئی 2026 سے 23 اگست 2026 تک گرمیوں کی تعطیلات کا اعلان کر رکھا ہے، جس کے تحت تمام تعلیمی اداروں کو پیر 24 اگست 2026 سے دوبارہ کھولنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
تاہم نجی اسکولوں کی نمائندہ تنظیم نے حکومت سے اس فیصلے پر نظرثانی کرتے ہوئے تعطیلات مختصر کرنے اور 3 اگست سے تعلیمی سرگرمیاں بحال کرنے کی اجازت دینے کی اپیل کی ہے۔