مون سون،وزیر اعظم کی تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت

مون سون،وزیر اعظم کی تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت

وزیراعظم شہباز شریف نے جاری مون سون بارشوں اور سیلابی صورتحال کے پیش نظر تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی،وزیراعظم کی زیر صدارت ہونے والے جائزہ اجلاس میں ملک بھر میں بارشوں، ممکنہ سیلابی صورتحال اور امدادی اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کے اثرات پاکستان کو بری طرح متاثر کر رہے ہیں، جانی و مالی نقصان سے بچاؤ کے لیے تمام ضروری اقدامات یقینی بنائے جائیں،اجلاس میں بتایا گیا کہ موجودہ مون سون سیزن کے دوران اب تک 110 افراد جاں بحق جبکہ 360 زخمی ہو چکے ہیں۔

وزیراعظم نے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے)، صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز (پی ڈی ایم ایز) اور صوبائی حکومتوں کو باہمی رابطے مزید مضبوط بنانے کی ہدایت کی۔

یہ بھی پڑھیں :مون سون بارشوں سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات کی تازہ رپورٹ جاری

انہوں نے کہا کہ تمام ادارے مون سون کے دوران کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل تیار رہیں،وزیراعظم نے وفاقی وزیر منصوبہ بندی کو فلڈ کمیٹی کے اجلاس کی روزانہ صدارت کرنے کی ہدایت کی ۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ کمیٹی صورتحال کا مسلسل جائزہ لے کر آئندہ کا لائحہ عمل طے کرے،شہباز شریف نے کہا کہ شمالی علاقوں میں گلاف اور طوفانی ریلوں سے متعلق پیشگی اطلاعات کا نظام فعال رکھا جائے تاکہ ممکنہ نقصانات کو کم کیا جا سکے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کا ماحولیاتی خرابی میں حصہ بہت کم ہے، لیکن موسمیاتی تبدیلی کے منفی اثرات ملک کو شدید متاثر کر رہے ہیں۔ حکومت صورتحال میں بہتری کے لیے طویل، وسط اور قلیل مدتی اقدامات پر تیزی سے کام کر رہی ہے۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ آئندہ دو روز کے دوران آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور جنوبی سندھ میں بارشوں کا بڑا اسپیل متوقع ہےحکام کے مطابق مون سون بارشوں اور سیلاب سے اب تک 796 مکانات کو نقصان پہنچا جبکہ 376 مویشی بھی پانی میں بہہ گئے ہیں۔

editor

Related Articles