بھارتی کرکٹ اسٹار ویرات کوہلی اور بالی ووڈ اداکارہ انوشکا شرما نے ممبئی میں اپنی جائیداد میں مزید اضافہ کرتے ہوئے 18.29 کروڑ بھارتی روپے مالیت کا ایک لگژری اپارٹمنٹ خرید لیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق جوڑے نے ممبئی کے پوش علاقے ورسوا میں واقع گوڈریج اسکائے شور رہائشی منصوبے میں 2644 مربع فٹ پر مشتمل اپارٹمنٹ خریدا ہے۔
پراپرٹی رجسٹریشن دستاویزات کے مطابق یہ اپارٹمنٹ عمارت کی بالائی منزلوں میں واقع ہے۔ اس کے ساتھ 316 مربع فٹ کا خصوصی اضافی حصہ اور 3 پارکنگ اسپیسز بھی شامل ہیں۔
دستاویزات کے مطابق اس اپارٹمنٹ کی فی مربع فٹ قیمت تقریباً 69 ہزار 159 بھارتی روپے بنتی ہے، جو ممبئی کے مغربی مضافاتی علاقوں میں لگژری رہائشی منصوبوں کی بڑھتی ہوئی طلب کی عکاسی کرتی ہے۔
ویرات کوہلی اور انوشکا شرما اس سے قبل بھی متعدد قیمتی جائیدادوں کے مالک ہیں۔ ممبئی کے علاوہ ویرات کوہلی کے پاس گروگرام کے ڈی ایل ایف فیز ون میں تقریباً 10 ہزار مربع فٹ پر محیط ایک پرتعیش گھر بھی موجود ہے، جس میں سوئمنگ پول، جدید جم اور دیگر اعلیٰ سہولیات شامل ہیں۔ اس گھر کی مالیت تقریباً 80 کروڑ بھارتی روپے بتائی جاتی ہے۔
اس کے علاوہ جوڑے نے علی باغ کے آواس بیچ کے قریب زیراد گاؤں میں 5ایکڑ سے زائد اراضی بھی خرید رکھی ہے، جس کی مالیت تقریباً 38 کروڑ بھارتی روپے بتائی جاتی ہے۔