بلوچستان کے ضلع بارکھان کے علاقے رکھنی اور اس کے گرد و نواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جس کے باعث شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگ کلمۂ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں دفاتر اور دیگر عمارتوں سے باہر نکل آئے۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 4.0 ریکارڈ کی گئی جبکہ اس کا مرکز رکھنی شہر سے تقریباً 5 کلومیٹر جنوب مغرب میں واقع تھا۔ ادارے کے مطابق زلزلے کی گہرائی 37 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی جس کی وجہ سے جھٹکے مختصر دورانیے کے باوجود واضح طور پر محسوس کیے گئے۔
عینی شاہدین کے مطابق زلزلے کے فوراً بعد لوگوں میں شدید خوف پھیل گیا متعدد شہری احتیاطاً کھلے میدانوں اور سڑکوں پر نکل آئے جبکہ کئی علاقوں میں کچھ دیر کے لیے معمولات زندگی متاثر ہوئے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق زلزلے سے کسی قسم کے جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ تاہم ضلعی انتظامیہ، ریسکیو اداروں اور متعلقہ حکام نے صورتحال کی نگرانی شروع کر دی ہے اور مختلف علاقوں سے معلومات اکٹھی کی جا رہی ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔
بلوچستان کا بڑا حصہ ارضیاتی اعتبار سے حساس زون میں واقع ہے جہاں مختلف فالٹ لائنز موجود ہونے کی وجہ سے وقتاً فوقتاً زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے جاتے ہیں۔ اسی وجہ سے شہریوں کو ہدایت کی جاتی ہے کہ زلزلے کی صورت میں گھبراہٹ سے گریز کریں محفوظ مقامات کا رخ کریں اور سرکاری اداروں کی جانب سے جاری کردہ حفاظتی ہدایات پر عمل کریں۔
انتظامیہ نے بھی شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر مصدقہ افواہوں پر کان نہ دھریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں متعلقہ اداروں سے رابطہ کریں۔ فی الحال علاقے میں حالات معمول پر ہیں اور کسی بڑے نقصان کی اطلاع سامنے نہیں آئی