ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ ایران نے دشمن کے خلاف مزاحمت کی ایک نئی مثال قائم کی ہے اور ایرانی عوام مشکل حالات میں بھی ثابت قدم رہتے ہوئے اپنے عزم و حوصلے کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔
اپنے ایک بیان میں مسعود پزشکیان نے کہا کہ ایرانی عوام کو دشمن کے دباؤ اور چیلنجز کے مقابلے میں متحد رہنا ہوگا، انہوں نے کہا کہ ایران کی تاریخ گواہ ہے کہ عوام نے ہمیشہ مشکلات کا سامنا حوصلے اور استقامت کے ساتھ کیا ہے۔
ایرانی صدر نے کہا کہ ایرانی عوام ناانصافی اور ظلم کے سامنے کبھی سر نہیں جھکا سکتے، ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے شہریوں کے حقوق کا تحفظ کرے اور ان کے ساتھ کسی بھی قسم کی ناانصافی نہیں کر سکتی۔
مسعود پزشکیان نے مزید کہا کہ ایران امن، خودمختاری اور قومی مفادات کے تحفظ کے لیے اپنی پالیسیوں پر قائم ہے، جبکہ عوامی اتحاد ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے سب سے بڑی طاقت ہے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں عوام اور حکومت کے درمیان اعتماد کو مزید مضبوط کرنے کی ضرورت ہے تاکہ ملک کو درپیش مسائل کا مؤثر انداز میں مقابلہ کیا جا سکے۔