ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم یوٹیوب پر پاکستانی کری ایٹرز کی عالمی مقبولیت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، جہاں ان کا تیار کردہ مواد نہ صرف ملک کے اندر بلکہ دنیا بھر میں بڑی تعداد میں دیکھا جا رہا ہے۔
یوٹیوب کی جانب سے جاری کردہ تازہ رپورٹ کے مطابق پاکستان دنیا کی تیزی سے ابھرتی ہوئی تخلیقی برادریوں میں شامل ہو چکا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی فنکار، کانٹینٹ کری ایٹرز اور تخلیق کار اپنے منفرد اور معیاری مواد کے ذریعے عالمی سطح پر نئی شناخت بنا رہے ہیں۔
یوٹیوب رپورٹ کے مطابق پاکستان اور بیرونِ ملک موجود ناظرین ریکارڈ تعداد میں پاکستانی یوٹیوب ویڈیوز دیکھ رہے ہیں، جس سے پاکستانی ڈیجیٹل مواد کی عالمی رسائی میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
کمپنی کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں ایک لاکھ 40 ہزار سے زائد یوٹیوب چینلز ایسے ہیں جن کے سبسکرائبرز کی تعداد 10 ہزار سے زیادہ ہے۔ اسی طرح 19 ہزار سے زائد چینلز ایک لاکھ سبسکرائبرز کا ہندسہ عبور کر چکے ہیں، جبکہ 12 سو سے زیادہ چینلز کے سبسکرائبرز کی تعداد 10 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران پاکستانی صارفین نے یوٹیوب پر مجموعی طور پر 2 کروڑ گھنٹوں سے زائد دورانیے پر مشتمل ویڈیوز اپ لوڈ کیں۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ پاکستانی یوٹیوب ویڈیوز کے مجموعی واچ ٹائم کا تقریباً 60 فیصد حصہ پاکستان سے باہر موجود ناظرین کی جانب سے آیا، جو پاکستانی کری ایٹرز کی بڑھتی ہوئی عالمی مقبولیت کا واضح ثبوت ہے۔
یوٹیوب کے مطابق جنوبی ایشیا، مشرقِ وسطیٰ، یورپ اور شمالی امریکا سمیت مختلف خطوں میں پاکستانی کری ایٹرز اپنے معیاری اور مستند مواد کے ذریعے تیزی سے نئے ناظرین کو اپنی جانب متوجہ کر رہے ہیں۔