پاکستانی شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے اداکار فہد شیخ نے سینئر اداکار سید محمد احمد کے ساتھ مبینہ بدسلوکی اور ہراسانی کے الزامات کی تردید کی ہے ۔
تفصیلات کے مطابق فہد شیخ نے فوٹوز اینڈ ویڈیوز شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر متعدد اسٹوریز شیئر کرتے ہوئے اداکار نے کہا کہ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا۔
یہ معاملہ اس وقت توجہ کا مرکز بنا جب سید محمد احمد نے ایک حالیہ پوڈکاسٹ میں اپنی عمر میں کافی کم اداکار کی جانب سے شوٹنگ کے دوران تذلیل کا انکشاف کیا، گو کہ انہوں نے کسی کا نام تو نہیں لیا مگر سوشل میڈیا پر ہونے والی بحث میں فہد شیخ کا نام بھی سامنے آیا اور ساتھ ہی مذکورہ واقعے کی ویڈیو بھی وائرل ہو گئی، جس کے بعد انہوں نے عوامی سطح پر اپنا مؤقف پیش کیا۔
فہد شیخ نے انسٹاگرام پر جاری اپنے وضاحتی بیان میں کہا کہ ادھورا سچ ہمیشہ خطرناک ہوتا ہے، مجھے ایک مخصوص تاثر قائم کرنے کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے، ہم شوٹنگ سیٹ پر صرف ساتھی اداکار نہیں ہوتے بلکہ ایک خاندان کی طرح ہوتے ہیں، ساتھ ہنستے ہیں، کھانا کھاتے ہیں اور ایک دوسرے کے ساتھ اپنے دکھ سکھ بانٹتے ہیں۔
اداکار نے لکھا کہ جسے ہراسانی یا بدتمیزی سمجھا جا رہا ہے، حقیقت میں معاملہ ایسا نہیں تھا، یہ سید محمد احمد کے ساتھ میرا پہلا منصوبہ نہیں تھا بلکہ میں ماضی میں بھی متعدد ڈراموں میں ان کے ساتھ کام کر چکا ہوں اور ہم دونوں کے درمیان خوش گوار تعلقات رہے ہیں۔
فہد کاکہنا تھا کہ مجھے نہیں معلوم کہ وہ مذاق، جس کا آغاز خود احمد صاحب نے کیا تھا، کس مرحلے پر انہیں ایسا محسوس کرانے لگا کہ جیسے ہم ان کے ساتھ بدسلوکی کر رہے ہیں، کیونکہ ہمارا ایسا کوئی ارادہ ہرگز نہیں تھا۔
فہد شیخ نے انکشاف کیا ہے کہ تنازع سامنے آنے سے پہلے ہی میں سید محمد احمد سے معذرت کر چکا تھا، وہ میرے بزرگ ہیں، ان سے سرِعام معافی مانگنے میں بھی مجھے کوئی مسئلہ نہیں۔
اداکار نے مزید کہا کہ اگر احمد صاحب کو لگتا ہے کہ میری ذاتی معذرت کافی نہیں تھی تو میں اس پلیٹ فارم پر بھی ان سے معافی مانگتا ہوں، مجھے امید ہے کہ وہ میرے خلاف کوئی رنجش نہیں رکھیں گے کیونکہ میں کسی بھی صورت اپنے بزرگوں کی بے عزتی کا تصور بھی نہیں کر سکتا۔
فہد شیخ نے یہ بھی بتایا کہ ان افراد کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کیا جا رہا ہے جنہوں نے مبینہ طور پر ویڈیو کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پھیلا کر عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کی۔
سینئر اداکار سید محمد احمد کا ردعمل
دوسری جانب سید محمد احمد نے بھی انسٹاگرام پر اپنے بیان میں شوبز انڈسٹری سے وابستہ ساتھی فنکاروں کی محبت اور حمایت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے لکھا کہ اپنے تمام ساتھیوں کی جانب سے ملنے والے پیغامات، فون کالز اور وائس نوٹس نے انہیں بے حد متاثر کیا ہے ، وہ سب کے تہہ دل سے شکر گزار ہیں ، یہ دیکھ کر انہیں بہت حوصلہ ملا کہ ان کے ساتھیوں نے ان کا ساتھ دیا اور ان کی حمایت میں آواز بلند کی۔