بھارت کا وزیر اطلاعات عطا تارڑ کے بیان کی اے آئی سے تبدیل شدہ ویڈیو کے ذریعے پاکستان مخالف پروپیگنڈا بے نقاب

بھارت کا وزیر اطلاعات عطا تارڑ کے بیان کی اے آئی سے تبدیل شدہ ویڈیو کے ذریعے پاکستان مخالف پروپیگنڈا بے نقاب

’’را‘‘ ہینڈلرز کا وزیر اطلاعات عطا تارڑ کے بیان کو اے آئی سے ایڈٹ کرکے پاکستان اور امریکا کے تعلقات خراب کرنے کی کوشش بے نقاب ہوگئی ہے۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بھارتی صارف میجر راجپال سنگھ نے دعویٰ کیا کہ وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے اپنی پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ پاکستانی سیکیورٹی اداروں نے امریکا کی حمایت یافتہ ایک ڈیجیٹل نیٹ ورک کا سراغ لگایا ہے، جو بوٹ فارمز اور امریکی ادائیگی کے نظام کے ذریعے پاکستان، اس کی مسلح افواج اور ریاستی اداروں کے خلاف پروپیگنڈا کر رہا ہے۔

بھارتی صارف نے اپنی پوسٹ میں یہ تاثر بھی دینے کی کوشش کی کہ آزاد کشمیر سے متعلق سوشل میڈیا مواد کو ایک منظم اطلاعاتی مہم کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے تاکہ عوامی رائے پر اثرانداز ہوا جا سکے۔

حقیقت کیا ہے؟

حقیقت اس دعوے کے برعکس ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے اپنی پریس کانفرنس میں امریکا کا نہیں بلکہ بھارت کا ذکر کیا تھا۔ ان کے بیان کو اے آئی ٹیکنالوجی کے ذریعے تبدیل کرکے ایسا تاثر دینے کی کوشش کی گئی کہ گویا انہوں نے بھارت کے بجائے امریکا پر الزامات عائد کیے ہیں۔

ذرائع کے مطابق ویڈیو میں کی گئی ڈیجیٹل ترمیم کا مقصد نہ صرف وزیر اطلاعات کے اصل مؤقف کو مسخ کرنا تھا بلکہ پاکستان اور امریکا کے تعلقات کے حوالے سے غلط فہمیاں پیدا کرنا بھی تھا۔

گمراہ کن معلومات سے محتاط رہنے کی ضرورت

ماہرین کا کہنا ہے کہ مصنوعی ذہانت کے ذریعے تیار کی جانے والی ایڈٹ شدہ ویڈیوز اور آڈیوز (ڈیپ فیکس) غلط معلومات پھیلانے کا ایک بڑا ذریعہ بنتی جا رہی ہیں، اس لیے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے حساس نوعیت کے دعوؤں کو مستند ذرائع سے تصدیق کیے بغیر درست تصور نہیں کرنا چاہیے۔

Related Articles