آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات 2026 کے پہلے مرحلے میں میرپور ڈویژن کے تمام 13 حلقوں کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج مکمل ہو گئے ہیں جن کے مطابق مسلم لیگ (ن) نے 9 نشستوں پر کامیابی حاصل کرتے ہوئے واضح برتری حاصل کر لی ہے جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی 4 نشستوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہی نتائج سے ظاہر ہوتا ہے کہ میرپور بھمبر اور کوٹلی ڈویژن میں مسلم لیگ (ن) نے اپنی سیاسی پوزیشن مزید مستحکم کر لی ہے۔
میرپور، بھمبر اور کوٹلی کے 13 انتخابی حلقوں میں پولنگ کا عمل پرامن ماحول میں مکمل ہوا۔ ووٹرز کے غیر معمولی ٹرن آؤٹ کے باعث الیکشن کمیشن نے پولنگ کا وقت شام 5 بجے سے بڑھا کر شام 6 بجے تک کر دیا تھا جس کے بعد ووٹوں کی گنتی شروع ہوئی اور تمام حلقوں کے غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج سامنے آ گئے۔
نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) نے ایل اے-1 میرپور، ایل اے-4 میرپور، ایل اے-5 بھمبر، ایل اے-6 بھمبر، ایل اے-7 بھمبر، ایل اے-9 کوٹلی، ایل اے-11 کوٹلی، ایل اے-12 کوٹلی اور ایل اے-13 کوٹلی میں کامیابی حاصل کی، جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ایل اے-2 میرپور، ایل اے-3 میرپور، ایل اے-8 کوٹلی اور ایل اے-10 کوٹلی میں میدان مارا۔
ایل اے-1 میرپور (ڈڈیال) میں مسلم لیگ (ن) کے اظہر صادق نے 15 ہزار 427 ووٹ حاصل کر کے کامیابی حاصل کی جبکہ پیپلز پارٹی کے محمد افسر شاہد 9 ہزار 832 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔
ایل اے-2 میرپور (چکسواری) میں پاکستان پیپلز پارٹی کے قاسم مجید 12 ہزار 904 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے جبکہ مسلم لیگ (ن) کے عظیم بخش چوہدری 8 ہزار 182 ووٹ حاصل کر سکے۔
ایل اے-3 میرپور میں پیپلز پارٹی کے چوہدری یاسر سلطان 11 ہزار 676 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے جبکہ مسلم لیگ (ن) کے چوہدری محمد سعید 9 ہزار 832 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔
ایل اے-4 کھڑی شریف میں مسلم لیگ (ن) کے چوہدری رخسار احمد 20 ہزار 172 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے جبکہ پیپلز پارٹی کے چوہدری صہیب ارشد 13 ہزار 865 ووٹ حاصل کر سکے۔
ایل اے-5 بھمبر-1 میں انتہائی کانٹے دار مقابلہ دیکھنے میں آیا جہاں مسلم لیگ (ن) کے وقار احمد نور نے 30 ہزار 259 ووٹ حاصل کر کے تقریباً 700 ووٹوں کے فرق سے پیپلز پارٹی کے چوہدری پرویز اشرف (29 ہزار 574 ووٹ) کو شکست دی۔
ایل اے-6 بھمبر-2 میں مسلم لیگ (ن) کے چوہدری محمد رزاق نے 32 ہزار 732 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی جبکہ استحکام پاکستان پارٹی کے علی شان چوہدری 26 ہزار 718 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔
ایل اے-7 بھمبر-3 میں مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما چوہدری طارق فاروق نے 35 ہزار 490 ووٹ حاصل کر کے کامیابی اپنے نام کی جبکہ آزاد امیدوار اور سابق وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق 25 ہزار 100 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔ اس حلقے کا نتیجہ پہلے مرحلے کا سب سے بڑا اپ سیٹ قرار دیا جا رہا ہے۔
ایل اے-8 کوٹلی-1 میں پیپلز پارٹی کے ظفر اقبال ملک 19 ہزار 535 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے جبکہ مسلم لیگ (ن) کے ملک محمد نواز خان 11 ہزار 966 ووٹ حاصل کر سکے۔
ایل اے-9 کوٹلی-2 میں مسلم لیگ (ن) کے عمیر نعیم نے 31 ہزار 80 ووٹ حاصل کر کے کامیابی حاصل کیے جبکہ پیپلز پارٹی کے جاوید اقبال بڈھانوی 28 ہزار 509 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔
ایل اے-10 کوٹلی-3 میں پاکستان پیپلز پارٹی کے چوہدری محمد یاسین 12 ہزار 431 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے جبکہ مسلم لیگ (ن) کے فتح محمود الحسن 9 ہزار 245 ووٹ حاصل کر سکے۔
ایل اے-11 کوٹلی-4 میں مسلم لیگ (ن) کے محمد آصف نے 26 ہزار 190 ووٹ لے کر میدان مارا جبکہ پیپلز پارٹی کے چوہدری محمد اخلاق 21 ہزار 751 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔
ایل اے-12 کوٹلی-5 میں مسلم لیگ (ن) کے محمد ریاست خان 35 ہزار 168 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے جبکہ پیپلز پارٹی کے چوہدری محمد یاسین 30 ہزار 320 ووٹ حاصل کر سکے۔
ایل اے-13 کوٹلی-6 میں مسلم لیگ (ن) کے راجہ ایاز احمد خان نے 21 ہزار 856 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی جبکہ استحکام پاکستان پارٹی کے نثار انصار ابدالی 15 ہزار 859 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔
انتخابی عمل کے دوران میرپور، بھمبر اور کوٹلی ڈویژن میں سخت سیکیورٹی انتظامات کیے گئے تھے حساس اور انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز پر پولیس رینجرز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار تعینات رہے جبکہ مجموعی طور پر پولنگ پرامن ماحول میں مکمل ہوئی۔
پہلے مرحلے کے غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) 9 نشستوں کے ساتھ سب سے بڑی جماعت بن کر ابھری ہے جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی نے 4 نشستیں حاصل کر کے دوسرے نمبر پر اپنی پوزیشن برقرار رکھی ہے۔ سیاسی مبصرین کے مطابق میرپور ڈویژن کے نتائج آئندہ مرحلوں کے انتخابات پر بھی نمایاں اثرات مرتب کر سکتے ہیں تاہم ان نتائج کی باضابطہ توثیق اور کامیاب امیدواروں کا سرکاری اعلان آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن کی جانب سے کیا جائے گا