آزاد کشمیرانتخابات کا دوسرا مرحلہ ، کئی سیاسی اپ سیٹ، 7 نئے چہرے اسمبلی پہنچ گئے

آزاد کشمیرانتخابات کا دوسرا مرحلہ ، کئی سیاسی اپ سیٹ، 7 نئے چہرے اسمبلی پہنچ گئے

آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے دوسرے مرحلے کے غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج نے کئی نئے سیاسی چہروں کو اسمبلی تک پہنچا دیا۔ اس مرحلے میں خاتون امیدوار سمیت 7 نئے امیدوار پہلی مرتبہ قانون ساز اسمبلی کے رکن منتخب ہونے میں کامیاب ہوئے جس سے ایوان میں نئی قیادت کی نمائندگی میں اضافہ ہوگا۔

دوسرے مرحلے کے نتائج کے مطابق مظفرآباد ڈویژن اور مہاجرین کی نشستوں پر متعدد نئے امیدواروں نے تجربہ کار سیاست دانوں کو شکست دے کر اسمبلی میں جگہ بنائی۔ ان میں ایک خاتون امیدوار بھی شامل ہیں جو پہلی بار قانون ساز اسمبلی کا حصہ بنیں گی۔

ایل اے 29 مظفرآباد سٹی

حلقہ ایل اے 29 مظفرآباد سٹی سے پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار سردار مختیار احمد نے سابق وزیر حکومت بیرسٹر افتخار گیلانی کو شکست دے کر پہلی مرتبہ قانون ساز اسمبلی کی نشست حاصل کی۔

ایل اے 31 کھاوڑہ

حلقہ ایل اے 31 کھاوڑہ سے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے امیدوار ثاقب مجید راجا نے اپنے مدمقابل پر نمایاں برتری حاصل کی اور نتائج کے مطابق پہلی بار قانون ساز اسمبلی پہنچنے کی پوزیشن میں آ گئے۔

 یہ بھی پڑھیں :آزاد کشمیر الیکشن کا دوسرا مرحلہ ،ن لیگ نے 12 نشستیں جیت لیں،5 پر پی پی کامیاب

ایل اے 36 جموں 3

مہاجرین کی نشست ایل اے 36 جموں 3 سے مسلم لیگ (ن) کے محمد احسن رضا پہلی مرتبہ اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے اور اپنی جماعت کے لیے اہم کامیابی حاصل کی۔

ایل اے 37 جموں 4

حلقہ ایل اے 37 جموں 4 سے مسلم لیگ (ن) کی امیدوار مریم جاوید کامیاب ہو کر پہلی بار قانون ساز اسمبلی کا حصہ بن گئی ہیں۔ وہ دوسرے مرحلے میں منتخب ہونے والی نئی خاتون رکن ہیں۔

ایل اے 38 جموں 5

ایل اے 38 جموں 5 سے مسلم لیگ (ن) کے ذیشان علی نے کامیابی حاصل کرتے ہوئے پہلی مرتبہ اسمبلی میں نمائندگی کا اعزاز حاصل کیا۔

ایل اے 41 کشمیر ویلی 2

حلقہ ایل اے 41 کشمیر ویلی 2 سے مسلم لیگ (ن) کے محمد عامر شاہ نے بھی پہلی مرتبہ قانون ساز اسمبلی کی نشست جیت کر سیاسی میدان میں اہم کامیابی سمیٹی۔

 یہ بھی پڑھیں :آزاد کشمیر انتخابات، دوسرا مرحلہ ،غیر حتمی نتائج، ن لیگ کو برتری، پیپلز پارٹی نے بھی اہم نشستیں جیت لیں

ایل اے 43 کشمیر ویلی 4

ایل اے 43 کشمیر ویلی 4 میں مسلم لیگ (ن) کے محمد یاسین لون نے سابق وزیر ٹرانسپورٹ جاوید بٹ اور مسلم کانفرنس کی امیدوار مہرالنساء کو شکست دے کر پہلی مرتبہ قانون ساز اسمبلی میں جگہ بنائی۔

پہلے مرحلے میں بھی 5 نئے ارکان منتخب ہوئے تھے

یاد رہے کہ انتخابات کے پہلے مرحلے میں بھی پانچ نئے امیدوار پہلی مرتبہ قانون ساز اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے تھے۔ ان میں چڑھوئی سے راجا محمد ریاست خان، نکیال سے سردار عمیر نعیم، سہنسہ سے راجا آصف، کھوئیرٹہ سے راجا ایاز نثار اور سماہنی سے چوہدری محمد رزاق شامل تھے۔

اس طرح انتخابات کے دونوں مراحل میں مجموعی طور پر متعدد نئے چہرے آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی میں پہنچے ہیں، جس سے ایوان کی سیاسی ساخت میں نئی قیادت کا نمایاں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔

editor

Related Articles