جرمنی میں انجینئرز کی بڑھتی ہوئی ضرورت نے پاکستانی انجینئرز کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا کر دیے ہیں۔ جدید صنعت، انفراسٹرکچر، آٹوموبائل، مصنوعی ذہانت اور قابل تجدید توانائی کے شعبوں میں ماہر انجینئرز کی مانگ میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، جس کے باعث غیر ملکی ہنر مند افراد کے لیے بھی ملازمتوں کے امکانات روشن ہو گئے ہیں۔
جرمنی کو دنیا بھر میں انجینئرنگ، جدید مشینری، آٹوموبائل صنعت اور صنعتی ٹیکنالوجی کے میدان میں نمایاں مقام حاصل ہے۔ حالیہ برسوں میں ڈیجیٹل ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کے فروغ کے باعث انجینئرنگ کے مختلف شعبوں میں نئی اسامیوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہوا ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق تحقیق و ترقی کے شعبے میں بڑی تعداد میں ملازمتیں دستیاب ہیں۔ اس کے علاوہ آٹومیشن، تعمیراتی منصوبہ بندی، آرکیٹیکچر، الیکٹرک گاڑیوں، خودکار ڈرائیونگ، ماحولیاتی تحفظ، قابل تجدید توانائی اور مصنوعی ذہانت جیسے شعبوں میں بھی تجربہ کار انجینئرز کی ضرورت ہے۔
یہ بھی پڑھیں :حکومت کا بیرون ملک ملازمت کے خواہشمند افراد کو 10 لاکھ روپے تک کا قرض دینے کا فیصلہ
انجینئرز تکنیکی پیداوار، منصوبہ بندی، معیار کی جانچ، مشین ڈیزائن، تعمیراتی منصوبوں اور انتظامی ذمہ داریوں سمیت مختلف شعبوں میں ملازمت حاصل کر سکتے ہیں، جبکہ تجربہ رکھنے والے امیدواروں کے لیے اعلیٰ انتظامی عہدوں کے بھی مواقع موجود ہیں۔
جرمنی میں ملازمت کے خواہشمند پاکستانیوں کو ورک ویزا یا یورپی یونین بلیو کارڈ کے لیے درخواست دینا ہوگی۔ اس مقصد کے لیے امیدوار کے پاس تسلیم شدہ تعلیمی قابلیت، ملازمت کی پیشکش اور دیگر مطلوبہ دستاویزات ہونا ضروری ہیں۔
درخواست فارم کیسے بھریں؟
جرمنی میں ملازمت کے لیے سب سے پہلے سرکاری پلیٹ فارم “Make it in Germany” پر جا کر اپنا اکاؤنٹ بنائیں۔ اس کے بعد اپنی تعلیمی اسناد، تجربے، پاسپورٹ اور دیگر ضروری معلومات درج کریں۔ مطلوبہ شعبے میں دستیاب ملازمت تلاش کریں اور آن لائن درخواست فارم مکمل کریں۔

