پاکستانی شوبز انڈسٹری کے سینئر اداکار فیصل قریشی کا کہنا ہے کہ پاکستانی ڈرامے اب عالمی سطح پر اپنی جگہ بنا چکے ہیں اور ان کا براہ راست مقابلہ نیٹ فلکس کی مقبول سیریز سے ہو رہا ہے۔
حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے فیصل قریشی نے کہا کہ پاکستانی ڈراموں کی رسائی اب صرف مقامی ناظرین تک محدود نہیں رہی بلکہ دنیا بھر میں لوگ انہیں شوق سے دیکھ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آج ایک مفت نشر ہونے والے پاکستانی ڈرامے کا موازنہ نیٹ فلکس جیسی بین الاقوامی اسٹریمنگ سروس کی مہنگی سیریز سے کیا جاتا ہے، جو پاکستانی انڈسٹری کے لیے ایک بڑی کامیابی ہے۔
فیصل قریشی کے مطابق ایک کامیاب پاکستانی ڈرامہ عموماً تقریباً 20 کروڑ روپے کے بجٹ میں تیار ہوتا ہے، جبکہ نیٹ فلکس پر نشر ہونے والی بعض بھارتی سیریز کا بجٹ 40 کروڑ روپے یا اس سے بھی زیادہ ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بجٹ میں واضح فرق کے باوجود پاکستانی ڈرامے یوٹیوب پر غیر معمولی ویوز حاصل کر رہے ہیں، اور بعض اوقات ایک ہی قسط کے ویوز نیٹ فلکس کی کسی مقبول سیریز کے مجموعی ویوز سے بھی زیادہ ہو جاتے ہیں۔ اداکار کا کہنا تھا کہ یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستانی ڈرامے عالمی ناظرین میں تیزی سے مقبول ہو رہے ہیں اور ان کا معیار بین الاقوامی پروڈکشنز کے برابر کھڑا ہے۔
فیصل قریشی نے پاکستانی فنکاروں کی صلاحیتوں کی بھی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے اداکار کسی بھی بڑے بین الاقوامی فنکار کا مقابلہ کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔
انہوں نے ایک دلچسپ واقعہ بھی بیان کیا کہ ان کے ایک دوست نے انہیں بتایا کہ وہ سینما میں فلم دیکھنے گئے تو ان کے ساتھ بیٹھا ایک شخص موبائل فون پر پاکستانی ڈرامہ دیکھنے میں مصروف تھا، جو اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ پاکستانی ڈرامے دنیا بھر میں ناظرین کی توجہ حاصل کر رہے ہیں۔