بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کے خاتمے سے متعلق گردش کرنے والی خبروں کی حقیقت سامنے آگئی۔ چیئرپرسن بی آئی ایس پی سینیٹر روبینہ خالد نے ایسی تمام خبروں کو بے بنیاد اور غلط قرار دے دیا۔
سینیٹر روبینہ خالد نے ای کچہری کے دوران عوام سے گفتگو کرتے ہوئے واضح کیا کہ بی آئی ایس پی ختم کرنے سے متعلق پھیلائی جانے والی اطلاعات میں کوئی صداقت نہیں۔ انہوں نے کہا کہ افواہیں پھیلانے والے غریب اور مستحق افراد کو گمراہ کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام ایک عوامی فلاحی منصوبہ ہے جو ملک بھر کے مستحق خاندانوں کی مدد کے لیے جاری ہے اور اس کا مقصد ضرورت مند افراد کو مالی معاونت فراہم کرنا ہے۔
ای کچہری کے دوران ایک شہری نے کہا کہ بی آئی ایس پی پورے پاکستان، تمام صوبوں اور سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہو کر عوامی خدمت کا پروگرام ہے۔
اس پر چیئرپرسن بی آئی ایس پی نے کہا کہ یہ پروگرام شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے وژن کی عکاسی کرتا ہے، جس کا مقصد ملک کے غریب اور مستحق خاندانوں کی معاونت کرنا ہے۔
سینیٹر روبینہ خالد نے مزید کہا کہ بی آئی ایس پی کا تعلق کسی سیاسی جماعت سے نہیں بلکہ یہ پاکستان کے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے قائم کیا گیا پروگرام ہے، جسے مستحق افراد کی مدد کے لیے جاری رکھا جائے گا۔