شہریوں کو مہنگائی سے ریلیف دینے کے لیے کراچی انتظامیہ نے آٹے کی قیمت میں کمی کا اعلان کر دیا ہے، کمشنر کراچی سید حسن نقوی کی زیر صدارت اجلاس میں ایکس مل آٹے کی قیمت میں 3 روپے فی کلو کمی کا فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ایکس مل آٹے کی قیمت 133 روپے فی کلو سے کم کرکے 130 روپے فی کلو مقرر کی جائے گی۔ اجلاس چیف سیکرٹری سندھ سید آصف حیدر شاہ کی ہدایت پر طلب کیا گیا، جس میں چیئرمین چیف منسٹر انسپیکشن ٹیم، فلور ملز مالکان، محکمہ خوراک کے افسران اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران گندم کی دستیابی، آٹے کی پیداوار، سپلائی اور موجودہ قیمتوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا،کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے کہا کہ اندرون سندھ سے کراچی کو گندم کی فراہمی میں بہتری آ رہی ہے، جس کے باعث آٹے کی قیمتوں میں مزید کمی کی گنجائش پیدا ہو رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر گندم کی سپلائی کا سلسلہ مزید بہتر رہا تو ایکس مل آٹے کی قیمت کو تقریباً 125 روپے فی کلو تک لانے کی کوشش کی جائے گی، تاکہ شہریوں کو مزید ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ شہر میں آٹے کی مسلسل فراہمی یقینی بنائی جائے گی اور مصنوعی قلت پیدا کرنے یا ناجائز منافع خوری کی کسی بھی کوشش کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔
انتظامیہ نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ نئی مقرر کردہ قیمتوں پر سختی سے عمل درآمد کرایا جائے اور عوام کو سستے داموں آٹے کی فراہمی کے لیے مؤثر نگرانی جاری رکھی جائے۔