پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے یومیہ تعین کے نظام کے تحت اوگرا نے پٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں مزید کمی کا اعلان کردیا ہے۔
اوگرا کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 3 روپے 39 پیسے فی لیٹر جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 4 روپے 7 پیسے فی لیٹر کمی کردی گئی ہے۔
قیمتوں میں کمی کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 328 روپے 56 پیسے فی لیٹر مقرر کردی گئی ہے، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 385 روپے 86 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے۔
اوگرا کے مطابق نئی قیمتوں کا اطلاق 5 اگست 2026 سے ہوگا اور یہ قیمتیں پیٹرولیم مصنوعات کے یومیہ نرخوں کے تعین کے تحت جاری کی گئی ہیں، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا فیصلہ عالمی منڈی میں خام تیل کے نرخوں، درآمدی لاگت اور دیگر متعلقہ عوامل کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔
عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کے رجحان کے باعث پاکستان میں بھی پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کی گنجائش پیدا ہوئی، جس کا فائدہ صارفین کو منتقل کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ حکومت نے اس سے قبل بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کیا تھا، جس کے بعد حالیہ کمی سے صارفین کو مزید ریلیف ملے گا۔