لاہور سے پاکپتن جانے والی بلھے شاہ ایکسپریس کی ایک بوگی پاکپتن کے نواحی علاقے 16 ایس پی گاؤں کے قریب پٹڑی سے اتر گئی۔ خوش قسمتی سے حادثے میں تمام مسافر محفوظ رہے اور کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
اطلاعات کے مطابق بلھے شاہ ایکسپریس کی چوتھی بوگی اچانک پٹڑی سے اتر گئی جس کے باعث ٹرین کا سفر عارضی طور پر متاثر ہوا۔ تاہم بوگی الٹنے یا کسی مسافر کے زخمی ہونے کی کوئی اطلاع سامنے نہیں آئی۔
حادثے کے فوراً بعد مسافروں میں کچھ دیر کے لیے خوف و ہراس پھیل گیا تاہم صورتحال جلد ہی معمول پر آ گئی اور تمام مسافروں کو بحفاظت بوگیوں سے نکال لیا گیا۔
ذرائع کے مطابق واقعے کے بعد ضلعی انتظامیہ اور پولیس فوری طور پر جائے حادثہ پر نہیں پہنچ سکی جبکہ ریلوے حکام نے امدادی اور بحالی کی کارروائیاں شروع کر دیں۔ متعلقہ عملہ بوگی کو دوبارہ پٹڑی پر لانے اور ٹریک کو کلیئر کرنے کے لیے مصروف ہے۔
ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے جبکہ ٹرینوں کی آمد و رفت جلد از جلد معمول پر لانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ خوش قسمتی سے اس حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، جس پر مسافروں نے اطمینان کا اظہار کیا۔