پنجاب کے ضلع راجن پور میں نایاب نسل کی ایک بکری 18 لاکھ روپے میں فروخت کر دی گئی، جس نے مقامی افراد اور سوشل میڈیا صارفین کی توجہ حاصل کر لی۔
بکری کے مالک علی زاہد کے مطابق یہ ’شیرا پرنٹ‘ نسل کی نایاب بکری ہے، جس کا تعلق راجن پور کی مقامی بریڈ سے ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ منفرد رنگ و روپ کی وجہ سے یہ اپنی نوعیت کی ایک نایاب بکری تھی۔
علی زاہد نے بتایا کہ بکری کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد مختلف شہروں سے خریداروں نے ان سے رابطہ کرنا شروع کر دیا تھا۔ان کے مطابق آخرکار ارشد دریشک نامی خریدار کے ساتھ 18 لاکھ روپے میں سودا طے پایا۔
اس نایاب بکری کی خریداری کے لیے ارشد دریشک فاضل پور سے 300 سے زائد شائقین کے قافلے کے ہمراہ راجن پور پہنچے، جہاں نایاب بکری کی فروخت دیکھنے کے لیے بھی بڑی تعداد میں لوگ موجود تھے۔
اس منفرد نایاب بکری کی فروخت نے علاقے میں خاصی دلچسپی پیدا کی، جبکہ اس کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر بھی تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں۔