واٹس ایپ نے صارفین کی چیٹ لسٹ کو زیادہ منظم رکھنے کے لیے’ آفرز اینڈ اپ ڈیٹ‘کے نام سے ایک نئے فولڈر کی آزمائش شروع کر دی ہے، جس کے ذریعے غیر ضروری بزنس پیغامات خودکار طور پر مین چیٹ سے الگ کر دیے جائیں گے۔
اس نئے فیچر کے تحت بینکوں، ایئرلائنز، ریٹیلرز اور دیگر بڑی کمپنیوں کی جانب سے بھیجے جانے والے پیغامات ایک مقررہ وقت کے بعد ’ آفرز اینڈ اپ ڈیٹ‘ فولڈر میں منتقل ہو جائیں گے، جس سے صارفین کی مرکزی چیٹ لسٹ کم مصروف اور زیادہ صاف ستھری نظر آئے گی۔
میٹا کے مطابق اس فیچر کی مختلف اوقات کے ساتھ آزمائش کی جا رہی ہے۔ بعض صارفین کے لیے بزنس پیغامات چند گھنٹوں بعد جبکہ بعض کے لیے 24 گھنٹے گزرنے کے بعد نئے فولڈر میں منتقل ہوں گے۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ صارفین کو اس فیچر کو مکمل طور پر بند کرنے کا اختیار حاصل ہوگا، تاہم پیغامات منتقل ہونے کے وقت میں دستی طور پر تبدیلی نہیں کی جا سکے گی۔
فی الحال اس فیچر کی آزمائش صرف واٹس ایپ بزنس پلیٹ فارم استعمال کرنے والے منتخب پارٹنرز کے ساتھ کی جا رہی ہے۔ چھوٹے کاروبار اور انفرادی واٹس ایپ بزنس اکاؤنٹس ابھی اس سہولت کا حصہ نہیں ہیں۔ میٹا کے مطابق آزمائشی مرحلے کے نتائج کی بنیاد پر مستقبل میں اس فیچر کو مزید صارفین اور کاروباری اکاؤنٹس تک توسیع دی جا سکتی ہے۔