پاکستان کی معروف اداکارہ سجل علی اپنے نئے فیشن فوٹو شوٹ کی وجہ سے ایک بار پھر سوشل میڈیا پر توجہ کا مرکز بن گئی ہیں۔
سجل علی ان دنوں ڈرامہ ’زنجیریں‘ میں رابعہ کے کردار سے ناظرین کی داد سمیٹ رہی ہیں، جہاں ان کی سادہ اور قدرتی خوبصورتی کو خوب سراہا جا رہا ہے۔
تاہم حالیہ فیشن شوٹ میں اداکارہ نے اپنے روایتی انداز سے ہٹ کر بالکل مختلف روپ اختیار کیا۔ انہوں نے لمبے سیاہ وِگ، گہرے میک اپ اور ڈارک لباس کے ساتھ ایک منفرد اور جدید لک اپنایا، جس نے مداحوں کو حیران کر دیا۔
سوشل میڈیا پر جاری تصاویر کے بعد صارفین کی آرا تقسیم ہو گئیں۔ کچھ مداحوں نے سجل علی کے اس نئے انداز میں فوٹو شوٹ کو جرات مندانہ اور منفرد قرار دیا، جبکہ بعض نے کہا کہ وہ انہیں ان کے قدرتی انداز میں زیادہ پسند کرتے ہیں۔ یہ ہائی فیشن کانسیپٹ فوٹو شوٹ سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہا ہے، جہاں مداح اداکارہ کے نئے روپ پر اپنی رائے کا اظہار کر رہے ہیں۔