کیا آپ بھی کم خرچ میں بیرونِ ملک سیر کا خواب دیکھ رہے ہیں؟ تو یہ خبر آپ کے لیے خوشخبری ثابت ہو سکتی ہے کیونکہ عمان نے سیاحت کے فروغ اور غیر ملکی مسافروں کو سہولت دینے کے لیے 14 روزہ مفت سیاحتی ویزا متعارف کرا دیا ہے۔
اس نئی سہولت کے تحت اہل غیر ملکی شہری بغیر کسی ویزا فیس کے دو ہفتے تک عمان میں قیام کر سکیں گے۔ تاہم ایک اہم سوال اب بھی موجود ہے، آخر یہ مفت ویزا کن ممالک کے شہریوں کو ملے گا؟
14 روزہ مفت سیاحتی ویزا، مگر اہل کون ہوگا؟
عمانی حکام کے مطابق یہ 14 روزہ مفت سیاحتی ویزا صرف ان ممالک کے شہریوں کو جاری کیا جائے گا جن کا انتخاب متعلقہ عمانی اتھارٹی کرے گی تاہم حکومت نے ابھی تک ان ممالک کی فہرست جاری نہیں کی تاہم توقع ہے کہ یہ نئی تبدیلیاں ان 100 سے زائد ممالک کے شہریوں پر لاگو ہوں گی جو پہلے ہی عمان کی 14 روزہ مفت داخلہ اسکیم کے تحت اہل ہیں۔
اس فہرست میں برطانیہ، امریکہ، کینیڈا، آسٹریلیا، لبنان، یورپ کے بیشتر ممالک اور ایشیا کے متعدد ممالک کے شہری شامل ہیں، جن کے لیے اہلیت کا دو سطحی نظام نافذ ہے۔
یہ اعلان سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر بھی خاصی دلچسپی دیکھی جا رہی ہے، جبکہ سفر کے شوقین افراد سرکاری فہرست کے اجرا کا بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔
عمان کی 14 روزہ ویزا فری (مفت داخلہ) اسکیم دو مختلف زمروں پر مشتمل ہے۔ پہلے زمرے میں شامل ممالک کے شہری بغیر کسی اضافی شرط کے 14 دن تک عمان میں ویزا فری داخل ہو سکتے ہیں۔
ان میں برطانیہ، امریکہ، کینیڈا، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، چین، جاپان، جنوبی کوریا، سنگاپور، ملائیشیا، انڈونیشیا، تھائی لینڈ، ترکی، روس، یوکرین، فرانس، جرمنی، اٹلی، اسپین، پرتگال، نیدرلینڈز، بیلجیم، سوئٹزرلینڈ، سویڈن، ناروے، ڈنمارک، فن لینڈ، آسٹریا، آئرلینڈ، یونان، پولینڈ، رومانیہ، چیکیا، ہنگری، کروشیا، قبرص، مالٹا، لٹویا، لتھوانیا، ایسٹونیا، لکسمبرگ، موناکو، سان مارینو، ویٹیکن سٹی، برازیل، ارجنٹینا، چلی، کولمبیا، یوراگوئے، وینزویلا، جنوبی افریقہ، ایران، لبنان، ہانگ کانگ، مکاؤ اور دیگر متعدد ممالک شامل ہیں۔
جبکہ دوسرے زمرے میں بھارت، پاکستان کے پڑوسی ممالک سمیت مصر، اردن، مراکش، الجزائر، آرمینیا، آذربائیجان، بیلاروس، بھوٹان، بوسنیا، کیوبا، میکسیکو، پیرو، ویتنام، ازبکستان، تاجکستان، ترکمانستان، قازقستان، کرغزستان، مالدیپ اور دیگر ممالک کے شہری شامل ہیں، تاہم انہیں اس سہولت سے فائدہ اٹھانے کے لیے برطانیہ، امریکہ، کینیڈا، آسٹریلیا، جاپان، کسی شینگن ملک یا خلیجی تعاون کونسل (GCC) کے کسی رکن ملک کا کارآمد ویزا یا رہائشی پرمٹ رکھنا لازمی ہوگا۔
قیام بڑھانا چاہتے ہیں؟ یہ سہولت بھی موجود ہے
نئے ضابطے کے مطابق اگر کوئی مسافر مفت 14 روزہ ویزا پر عمان آتا ہے اور بعد میں مزید قیام کرنا چاہتا ہے تو وہ مقررہ مدت ختم ہونے سے پہلے کسی دوسرے سیاحتی ویزا میں تبدیلی کی درخواست دے سکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : پاکستانیوں کے لیے خوشخبری، دبئی نے ویزا پالیسی میں بڑی نرمی کردی
البتہ اس کے لیے متعلقہ ویزا کی تمام شرائط پوری کرنا اور مقررہ فیس ادا کرنا ضروری ہوگی، اس صورت میں امکان ہے کہ درخواست گزار کو نیا ویزا حاصل کرنے کے لیے عمان سے باہر جانے کی ضرورت بھی نہ پڑے، جس سے مسافروں کے لیے عمل مزید آسان ہو جائے گا۔
اس نئی سہولت سے کئی برسوں سے جاری ویزا اسکیم میں مزید لچک پیدا ہوگی اور اہل مسافروں کے لیے عمان میں قیام بڑھانا پہلے کے مقابلے میں زیادہ آسان ہو جائے گا۔
سیاحت کو فروغ دینے کی نئی حکمت عملی
عمانی حکومت کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا بنیادی مقصد ملک میں سیاحت کو فروغ دینا اور مختصر دورانیے کے سفر کو آسان بنانا ہے، حکام کو امید ہے کہ اس سہولت سے زیادہ غیر ملکی سیاح عمان کا رخ کریں گے، چاہے وہ چھٹیاں گزارنے آئیں، اہل خانہ سے ملنے آئیں یا مختصر تفریحی سفر کے لیے۔
ماہرین کے مطابق اگر یہ پالیسی کامیاب رہی تو عمان کے ہوٹل، ٹرانسپورٹ، ریسٹورنٹس اور دیگر سیاحتی شعبوں میں بھی نمایاں معاشی سرگرمی دیکھنے کو مل سکتی ہے۔
مفت ویزا کب سے نافذ ہو چکا؟
حکومت کے مطابق 14 روزہ مفت سیاحتی ویزا کا فیصلہ 2 اگست 2026 کو عمان کے سرکاری گزٹ میں شائع کیا گیا، جبکہ اس پر باقاعدہ عمل درآمد 3 اگست 2026 سے شروع ہو چکا ہے۔
یہ بھی پڑھیں :عمان نے داخلے کے نئے قوانین کے تحت دو ہفتے کا مفت سیاحتی ویزا شروع کر دیا


