کل شام 4 بجے پورا ملک جام کر دیں گے، حافظ نعیم الرحمان

کل شام 4 بجے پورا ملک جام کر دیں گے، حافظ نعیم الرحمان

امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے اعلان کیا ہے کہ جمعہ 7 اگست کو شام 4 بجے ملک گیر احتجاج کیا جائے گا، جس کے دوران ملک بھر میں مختلف مقامات پر سڑکیں بند کی جائیں گی۔

حافظ نعیم الرحمن نے اپنے بیان میں کہا کہ احتجاج کے دوران پورے ملک میں 507 مقامات پر راستے بند کیے جائیں گے، جبکہ کراچی میں شارع فیصل کو بھی بند کیا جائے گا۔

امیر جماعت اسلامی نے پیٹرولیم مصنوعات پر عائد لیوی کو عوام پر اضافی بوجھ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ہر گھر کے لیے مشکلات کا باعث بن رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے عوام کو کوئی ریلیف فراہم نہیں کیا، جبکہ پیٹرولیم لیوی کے اثرات روزمرہ استعمال کی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر بھی مرتب ہوتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: جے یو آئی اور تحریک انصاف میں خفیہ رابطے ، اندرونی کہانی سامنے آگئی

انہوں نے حکمرانوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ حکمران اپنی مراعات اور عیاشیاں ختم کرنے کے بجائے عوام پر بوجھ منتقل کر رہے ہیں۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ حکومت ہوش کے ناخن لے اور احتجاج کو روکنے کی کوشش نہ کرے۔

جماعت اسلامی کے امیر نے مزید کہا کہ ملک میں نئے صوبوں کی تشکیل اور نظام کی تبدیلی کی باتیں کی جا رہی ہیں، تاہم اقتدار میں موجود افراد کو عوامی مسائل کا حقیقی احساس نہیں ہو سکتا۔

ان کا کہنا تھا کہ پیٹرولیم لیوی کی مد میں عوام سے اب تک 8 ہزار ارب روپے وصول کیے جا چکے ہیں، جس کا بوجھ براہِ راست عوام برداشت کر رہے ہیں۔

Related Articles