سازگار گروپ کے تحت گریٹ وال موٹرز (جی ڈبلیو ایم) نے پاکستان میں اپنی نئی مکمل الیکٹرک چھوٹی اسپورٹس یوٹیلٹی گاڑی او آر اے 5 باضابطہ طور پر متعارف کرا دی ہے،یہ گاڑی پاکستان میں کمپنی کی او آر اے سیریز کی تیسری گاڑی ہے، جو او آر اے 3 اور او آر اے 7 کے درمیان رکھی گئی ہے۔
او آر اے 5 میں 58.3 کلوواٹ آور لیتھیم آئرن فاسفیٹ بیٹری نصب کی گئی ہے، جو عالمی معیار کے مطابق ایک بار مکمل چارج ہونے پر 435 کلومیٹر تک سفر کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
طاقتورالیکٹرک نظام
کمپنی کے مطابق گاڑی میں اگلے پہیوں کو طاقت دینے والی برقی موٹر نصب ہے، جو 201 ہارس پاور طاقت اور 260 نیوٹن میٹر ٹارک پیدا کرتی ہے،یہ گاڑی صفر سے 100 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار صرف 8 سیکنڈ میں حاصل کر سکتی ہے۔
جی ڈبلیو ایم نے او آر اے 5 کی فیکٹری قیمت 85 لاکھ 99 ہزار روپے مقرر کی ہے، جبکہ صارفین کے لیے اس کی بکنگ 17 لاکھ روپے سے شروع کر دی گئی ہے۔
پاکستانی مارکیٹ میں مقابلہ
پاکستانی مارکیٹ میں او آر اے 5 کا مقابلہ دیگر چینی الیکٹرک گاڑیوں سے ہوگا، جن میں بی وائی ڈی ایٹو 3 اور جیکو جے 6 شامل ہیں، یہ گاڑیاں بھی اسی قیمت کے شعبے میں دستیاب ہیں۔
جدید سہولیات
کمپنی کے مطابق او آر اے 5 میں جدید سہولیات اور حفاظتی نظام شامل کیے گئے ہیں، جن میں 14.6 انچ کی ٹچ اسکرین، 10.25 انچ کا ڈیجیٹل ڈسپلے، بغیر تار ایپل کار پلے اور اینڈرائیڈ آٹو کی سہولت، 50 واٹ تیز رفتار بغیر تار چارجر، 360 ڈگری کیمرا نظام، خودکار رفتار برقرار رکھنے کا نظام، لین میں گاڑی برقرار رکھنے کا نظام، خودکار ہنگامی بریک لگانے کا نظام، ڈرائیور کی نگرانی کا نظام، شیشے کی بڑی چھت، برقی پچھلا دروازہ اور ہیٹ پمپ اے سی نظام شامل ہیں۔
الیکٹرک گاڑیوں کے شعبے میں اضافہ
پاکستان میں برقی گاڑیوں کی مانگ میں اضافہ ہو رہا ہے، جس کے باعث مختلف کمپنیاں نئی ٹیکنالوجی سے لیس گاڑیاں متعارف کرا رہی ہیں، او آر اے 5 کی آمد سے ملک میں برقی گاڑیوں کے شعبے میں مقابلہ مزید بڑھنے کی توقع ہے۔