ڈائریکٹر جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹس محمد علی رندھاوا نے پاسپورٹ کی تجدید کی درخواستوں کو ترجیحی بنیادوں پر پراسیس کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے عوامی سہولیات میں بہتری کے لیے اقدامات تیز کرنے کا حکم دے دیا۔
محمد علی رندھاوا نے تمام زونل ہیڈز کے ساتھ آن لائن اجلاس کی صدارت کی، جس میں ملک بھر کے پاسپورٹ دفاتر کی کارکردگی، عوام کو فراہم کی جانے والی سہولیات اور سروس ڈیلیوری کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کے دوران ڈی جی امیگریشن اینڈ پاسپورٹس نے ہدایت کی کہ تمام زونل ہیڈز اپنے متعلقہ زونل اور ماتحت پاسپورٹ دفاتر کو ماڈل دفاتر میں تبدیل کریں، جہاں صفائی، نظم و ضبط، بہتر ماحول اور درخواست گزاروں کے لیے بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔
انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ متعلقہ ایف آئی اے زونل دفاتر کے ساتھ مؤثر رابطہ برقرار رکھا جائے اور ایجنٹ و ٹاؤٹ مافیا کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے پاسپورٹ دفاتر سے ان عناصر کے خاتمے کو یقینی بنایا جائے۔
اجلاس میں کیش لیس پاسپورٹ فیس ادائیگی نظام سے متعلق عوامی آگاہی بڑھانے کے لیے تمام پاسپورٹ دفاتر میں معلوماتی ویڈیوز نمایاں طور پر چلانے کی ہدایت بھی کی گئی۔
ڈی جی امیگریشن اینڈ پاسپورٹس نے پاسپورٹ ہوم ڈیلیوری سروس کے حوالے سے بینرز اور اسٹینڈیز نمایاں مقامات پر آویزاں کرنے کا حکم دیا تاکہ شہری اس سہولت سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھا سکیں۔
انہوں نے متعلقہ افسران کو یہ بھی ہدایت کی کہ جن درخواست گزاروں نے تاحال اپنے پاسپورٹس وصول نہیں کیے، ان سے فوری رابطہ کرکے مقررہ طریقہ کار کے مطابق پاسپورٹس کی بروقت ترسیل یقینی بنائی جائے۔
محمد علی رندھاوا نے زور دیا کہ پاسپورٹ تجدید کی درخواستوں کو ترجیحی بنیادوں پر نمٹایا جائے تاکہ عوام کو تیز، شفاف اور مؤثر خدمات فراہم کی جا سکیں۔