وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، راولپنڈی اور ملک کے مختلف شہروں میں ہونے والی موسلا دھار بارش نے معمولاتِ زندگی متاثر کر دیے۔ مسلسل بارش کے باعث متعدد نشیبی علاقے زیر آب آ گئے جبکہ کئی مقامات پر بارش کا پانی گھروں میں داخل ہونے کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں۔
شدید بارش کے نتیجے میں اہم شاہراہوں اور اندرونی سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی جبکہ شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ کئی علاقوں میں نکاسی آب کا نظام بارش کے دباؤ کو برداشت نہ کر سکا، جس کے باعث پانی گلیوں اور رہائشی علاقوں میں داخل ہو گیا۔
قومی ادارہ برائے قدرتی آفات (این ڈی ایم اے) نے خراب موسمی صورتحال کے پیش نظر ہنگامی الرٹ جاری کرتے ہوئے شہریوں سے محتاط رہنے کی اپیل کی ہے۔ ادارے نے خبردار کیا ہے کہ موسلا دھار بارشوں کے باعث شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ، نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ موجود ہے۔
این ڈی ایم اے نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، برساتی نالوں اور تیز بہاؤ والے مقامات سے دور رہیں بجلی کی کھلی تاروں سے احتیاط برتیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں متعلقہ اداروں سے فوری رابطہ کریں۔
دوسری جانب ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو اداروں کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ نکاسی آب کے عمل کو تیز کرنے کے لیے متعلقہ محکمے متحرک ہیں جبکہ متاثرہ علاقوں میں صورتحال کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چند روز کے دوران بھی مختلف علاقوں میں مزید بارشوں کا امکان موجود ہے، جس کے باعث شہریوں کو تازہ موسمی پیش گوئیوں اور سرکاری ہدایات پر عمل کرنے کی تلقین کی گئی ہے۔