انگلینڈ کے 25 سالہ فاسٹ بولر جان ٹرنر نے پروفیشنل کرکٹ سے اچانک ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق جان ٹرنر نے 2024ء میں انگلینڈ کی نمائندگی کرتے ہوئے 2 ون ڈے انٹرنیشنل اور 2 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ کھیلے تھے اور وہ گزشتہ سال جون سے کمر میں فریکچر کے باعث کسی بھی میچ میں شرکت نہیں کر سکے۔
اس حوالے سے جان ٹرنر نے کہا ہے کہ مسلسل انجریز خصوصاً 1 سال سے زائد عرصے تک میدان سے دور رکھنے والے اسٹریس فریکچر نے مجھے بطور کرکٹر اور کرکٹ سے باہر اپنی زندگی کے مستقبل پر سنجیدگی سے غور کرنے پر مجبور کیا۔
انہوں نے کہا کہ پروفیشنل اور بین الاقوامی کرکٹ کھیلنا ہمیشہ میرا خواب تھا، ہیمپشائر اور انگلینڈ کی نمائندگی کرنا میرے بچپن کے خوابوں کی تعبیر تھا، تاہم میں نے کرکٹ سے ریٹائر ہونے کا فیصلہ کیا جو کہ میری زندگی کے مشکل ترین فیصلوں میں سے ایک ہے۔
اپنے ریٹائرمنٹ پیغام میں جان ٹرنر نے ہیمپشائر کلب، کوچز، ساتھی کھلاڑیوں، عملے اور مداحوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کلب کے ساتھ بطور پروفیشنل کرکٹر گزارے گئے پانچ سال ان کی زندگی کے بہترین سال رہے۔
انہوں نے کہا کہ انہیں ہر مرحلے پر بھرپور اعتماد، تعاون اور حوصلہ افزائی ملی، جس کی بدولت وہ اپنے خواب پورے کرنے میں کامیاب ہوئے، اور وہ اس حمایت کو ہمیشہ یاد رکھیں گے۔