مریضوں کو ڈرانا مہنگا پڑ گیا،موت کے فرشتےکا روپ دھارنے والانوجوان گرفتار

مریضوں کو ڈرانا مہنگا پڑ گیا،موت کے فرشتےکا روپ دھارنے والانوجوان گرفتار

برطانیہ کے علاقے سینٹ آصف، ڈینبی شائر (ویلز) میں ایک شخص کی عجیب حرکت نے اسپتال میں خوف و ہراس پھیلا دیا، جہاں وہ ’گریم ریپر‘ (موت کے فرشتے) کا بھیس پہن کر اسپتال کی چھت پر چڑھ گیا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق 26 سالہ لیون گلیسپی سیاہ چغہ اور نقاب پہن کر اسپتال کی مرکزی عمارت کی چھت پر کھڑا ہو گیا اور مریضوں، طبی عملے اور آنے جانے والے افراد کو مسلسل گھورتا رہا۔

عینی شاہدین کے مطابق ملزم کے ہاتھ میں ایک لمبی دھار دار چیز بھی موجود تھی، جس کے باعث اسپتال میں موجود افراد شدید خوفزدہ ہو گئے۔ اطلاع ملتے ہی نارتھ ویلز پولیس اور نارتھ ویلز فائر اینڈ ریسکیو سروس موقع پر پہنچ گئی۔ حکام نے تقریباً 50 منٹ تک جاری رہنے والے آپریشن کے بعد ملزم کو حراست میں لے لیا۔

یہ بھی پڑھیں:ڈھائی سال تک فریزر میں رکھی لاش، پنشن فراڈ کے الزام میں بیٹا گرفتار

پولیس کے مطابق لیون گلیسپی پر قومی صحت کے ادارے کی حدود میں خوف و ہراس پھیلانے، طبی عملے کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے اور پولیس کی ہدایت کے باوجود مقام چھوڑنے سے انکار کرنے کے الزامات عائد کیے گئے۔

بعد ازاں ملزم نے عدالت میں اپنے جرم کا اعتراف کر لیا، جس پر لینڈڈڈنو مجسٹریٹس کورٹ نے اسے 200 پاؤنڈ جرمانہ ادا کرنے کا حکم دیا۔ عدالت نے اس کے علاوہ 50 پاؤنڈ بطور ہرجانہ، 100 پاؤنڈ اضافی جرمانہ اور 100 پاؤنڈ عدالتی اخراجات بھی ادا کرنے کی سزا سنائی۔

یہ بھی پڑھیں :کسان نے چٹان سمجھا، نکلا دنیا کا سب سے بڑا شہابِ ثاقب

عدالتی کارروائی کے دوران یہ بھی انکشاف ہوا کہ لیون گلیسپی اس سے قبل لینڈڈڈنو میں واقع ایک پالتو جانوروں کے اسٹور سے بلیوں کی خوراک اور دیگر سامان، جبکہ ایک اور دکان سے کھانے پینے کی اشیا چوری کرنے کا بھی اعتراف کر چکا ہے۔

اسپتال انتظامیہ نے واقعے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ طبی مراکز میں مریضوں اور عملے کو خوفزدہ کرنے، ہنگامہ آرائی یا کسی بھی قسم کی بدسلوکی کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی نافذ ہے، ایسے واقعات کسی صورت برداشت نہیں کیے جائیں گے۔

واضح رہے کہ گریم ریپر مغربی روایات میں موت کی علامت سمجھی جانے والی ایک فرضی شخصیت ہے، جسے انسانی روحیں لے جانے والے کردار کے طور پر پیش کیا جاتا ہے۔ اسی بھیس میں اسپتال کی چھت پر اچانک نمودار ہونے والے شخص نے وہاں موجود افراد میں شدید خوف و ہراس پیدا کر دیا۔

editor

Related Articles