آبنائے ہرمز سے متعلق بڑھتی ہوئی غیر یقینی صورتحال کے باعث عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہو گیا ۔
عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق برینٹ خام تیل کی قیمت میں تقریباً ایک فیصد اضافہ ہوا، جس کے بعد یہ 83.29 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی، جبکہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (WTI) خام تیل بھی اضافے کے ساتھ 77.93 ڈالر فی بیرل پر ٹریڈ کرتا رہا۔
رپورٹس کے مطابق ایران، عمان کے ساتھ مل کر آبنائے ہرمز سے گزرنے والے بحری جہازوں کے لیے نئے قواعد پر غور کر رہا ہے ، قواعد کی خلاف ورزی کرنے والے جہازوں پر کارگو کی مالیت کا 20 فیصد تک جرمانہ بھی تجویز کیا گیا ہے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق ان مجوزہ اقدامات نے عالمی توانائی منڈی میں خدشات کو بڑھا دیا ہے کیونکہ آبنائے ہرمز دنیا کی تیل اور مائع قدرتی گیس (LNG) کی ترسیل کے لیے اہم ترین بحری راستوں میں شمار ہوتی ہے۔
ادھر ایران اور عمان کے درمیان ممکنہ ٹرانزٹ معاہدے پر بھی بات چیت جاری ہے، تاہم صنعتی شعبے سے وابستہ ماہرین کا کہنا ہے کہ امریکی پابندیوں اور انشورنس سے متعلق پیچیدگیوں کے باعث کسی بھی معاہدے پر عمل درآمد آسان نہیں ہوگا۔