نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے ب فارم (چائلڈ رجسٹریشن سرٹیفکیٹ) کے اجرا کے لیے درخواست جمع کروانے والے والدین کو اہم ہدایات جاری کر دی ہیں تاکہ درخواستوں کی تکمیل میں غیر ضروری تاخیر سے بچا جا سکے۔
نادرا کے مطابق والدین کو بچے یا بچی کے ب فارم کے لیے درخواست دینے سے قبل اس بات کو یقینی بنانا چاہیے کہ والد اور والدہ دونوں کے شناختی کارڈ فعال ہوں اور ان کی میعاد ختم نہ ہوئی ہو۔
نادرا نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ درخواست جمع کروانے سے پہلے اپنے اور شریک حیات کے ذاتی کوائف کا ریکارڈ بھی درستگی سے چیک کر لیں۔ ان معلومات میں والدین کے نام، شوہر یا بیوی کا نام، شناختی کارڈ نمبر اور دیگر ضروری کوائف شامل ہیں۔
اتھارٹی کے مطابق نادرا ریکارڈ میں والدین کی ازدواجی حیثیت درست درج ہونا بھی ضروری ہے، یعنی والد یا والدہ کا ریکارڈ غیر شادی شدہ ظاہر نہیں ہونا چاہیے۔
نادرا نے واضح کیا ہے کہ بچے کی پیدائش کا اندراج متعلقہ یونین کونسل میں مکمل اور درست کوائف کے ساتھ ہونا لازمی ہے، کیونکہ ب فارم کے اجرا کے لیے پیدائش کا اندراج بنیادی شرط ہے۔
مزید بتایا گیا ہے کہ 3 سال سے زائد عمر کے بچوں کے لیے ب فارم کی درخواست دیتے وقت بچے کی تصویر اور انگلیوں کے نشانات حاصل کرنے کے لیے بچے کی موجودگی ضروری ہوگی۔
نادرا کے مطابق شہری ب فارم کے لیے نادرا دفاتر یا پاک آئی ڈی موبائل ایپ کے ذریعے درخواست جمع کرا سکتے ہیں۔ تمام مطلوبہ معلومات اور دستاویزات درست فراہم کرنے سے درخواست کے عمل کو تیز اور آسان بنانے میں مدد مل سکتی ہے۔