نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے بزرگ اور معذور شہریوں کی سہولت کے لیے گھر بیٹھے شناختی کارڈ سے متعلق خدمات فراہم کرنے کا خصوصی اقدام متعارف کرا دیا ہے۔
نادرا کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ایسے شہری جن کے لیے نادرا سینٹر جانا مشکل یا ممکن نہ ہو، وہ اب گھر بیٹھے ہی شناختی کارڈ کی تجدید یا ترمیم کی درخواست کی کارروائی مکمل کروا سکتے ہیں۔
اس مقصد کے لیے شہریوں کو پہلے اپائنٹمنٹ بک کروانی ہوگی، جس کے بعد نادرا کا بائیکر مقررہ وقت پر ان کے گھر پہنچ کر ضروری کارروائی مکمل کرے گا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ اس سہولت کا مقصد بزرگ اور معذور افراد کو دفاتر کے چکر لگانے اور طویل انتظار کی زحمت سے بچانا ہے تاکہ وہ آسانی اور سہولت کے ساتھ اپنی شناختی دستاویزات سے متعلق خدمات حاصل کر سکیں۔
نادرا نے واضح کیا ہے کہ یہ خصوصی سروس فی الحال ملک کے چند بڑے شہروں تک محدود ہے، ان میں اسلام آباد، راولپنڈی، ٹیکسلا، واہ کینٹ، لاہور، کراچی اور حیدرآباد شامل ہیں۔
بیان کے مطابق مذکورہ شہروں میں رہنے والے بزرگ اور معذور شہری اپائنٹمنٹ حاصل کرنے کے لیے نادرا کی ہیلپ لائن 051-111-786-100 پر رابطہ کر سکتے ہیں، جبکہ موبائل فون صارفین 1777 پر کال کر کے بھی اس سہولت سے متعلق معلومات اور اپائنٹمنٹ حاصل کر سکتے ہیں۔
نادرا کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے خصوصی افراد اور بزرگ شہریوں کو شناختی کارڈ کی تجدید یا ترمیم کے لیے نادرا مراکز تک سفر کرنے کی ضرورت نہیں رہے گی، بلکہ وہ اپنے گھر پر ہی متعلقہ خدمات سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔