انٹرمیڈیٹ کے طلبہ کے لیے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے جہاں نئے نصاب کے مطابق تیار کردہ درسی کتابیں مارکیٹ میں فراہم کر دی گئی ہیں حکام کے مطابق نئے تعلیمی سیشن کے آغاز سے قبل تمام متعلقہ کتابیں طلبہ تک پہنچانے کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے تاکہ انہیں بروقت نئی تعلیمی سہولت میسر آ سکے۔
پیکٹا (Punjab Curriculum and Textbook Authority) کے مطابق انٹرمیڈیٹ کی آٹھ درسی کتابوں کو نیشنل کریکولم آف پاکستان کے مطابق ازسرنو تیار کیا گیا ہے۔ ان کتابوں میں جدید تعلیمی تقاضوں نئے تدریسی رجحانات اور قومی نصاب کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے تبدیلیاں کی گئی ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس سے قبل انٹرمیڈیٹ کی کتابیں 2002 کے نصاب کے مطابق شائع کی جا رہی تھیں تاہم تعلیمی نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے نصاب میں جامع اصلاحات کی گئی ہیں۔
پیکٹا کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سید موسیٰ رضا کے مطابق نئے تعلیمی سال کے آغاز سے پہلے تمام نئی کتابیں مارکیٹ میں دستیاب کر دی گئی ہیں تاکہ طلبہ کو تعلیمی سرگرمیوں کے آغاز میں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
انہوں نے کہا کہ نصاب میں تبدیلی کا بنیادی مقصد طلبہ کو جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ تعلیم فراہم کرنا اور ان کی علمی و عملی صلاحیتوں کو مزید بہتر بنانا ہے۔
پیکٹا کے مطابق نصاب میں اصلاحات کا سلسلہ مرحلہ وار جاری ہے۔ اس سے قبل نویں اور گیارہویں جماعت کی درسی کتابوں کو بھی نئے قومی نصاب کے مطابق تبدیل کیا جا چکا ہے جبکہ اب انٹرمیڈیٹ کی مزید کتابیں بھی نئے معیار کے مطابق تیار کر کے طلبہ کو فراہم کر دی گئی ہیں۔
تعلیمی ماہرین کا کہنا ہے کہ نئے نصاب سے طلبہ کی تنقیدی سوچ تحقیق عملی مہارت اور جدید سائنسی و فکری تقاضوں کے مطابق تعلیم حاصل کرنے کی صلاحیت میں اضافہ ہوگا جس سے تعلیمی معیار بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔