بجلی فراہم کرنے والی کمپنیوں سے متعلق حکومت کا بڑا فیصلہ

بجلی فراہم کرنے  والی کمپنیوں  سے متعلق حکومت کا بڑا فیصلہ

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے نجکاری کا اجلاس ہوا جس میں بجلی کی تین بڑی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری کا عمل تیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

اجلاس میں اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی، فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی اور گوجرانوالہ الیکٹرک پاور کمپنی کی نجکاری کے عمل پر ہونے والی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

کمیٹی نے نجکاری کمیشن کو پاور ڈویژن کے ساتھ مشاورتی عمل آئندہ ہفتے کے آغاز تک مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ مشاورتی عمل مکمل ہونے کے بعد کمیٹی نجکاری سے متعلق آئندہ کے لائحہ عمل کا فیصلہ کرے گی۔

یہ بھی پڑھیں: مہنگائی کے ستائے عوام کیلئے بُری خبر! بجلی مہنگی ہونے کا امکان

اجلاس میں نجکاری پروگرام میں مزید سرکاری اداروں کو شامل کرنے کی تجاویز بھی زیر غور آئیں، جنہیں نجکاری ڈویژن کی سفارشات میں ترامیم کے ساتھ منظور کر لیا گیا۔ کابینہ کمیٹی نے ترامیم کے ساتھ نجکاری کمیشن کے بجٹ کی بھی منظوری دے دی۔

اجلاس کے دوران سالانہ نجکاری پروگرام اور آئندہ کے لائحہ عمل کا بھی جائزہ لیا گیا۔

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے نجکاری کمیشن سمیت تمام متعلقہ اداروں کو عملدرآمد کا عمل تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے مختلف وزارتوں اور محکموں کے درمیان بروقت اور مؤثر رابطہ یقینی بنانے پر زور دیا۔

Related Articles