نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے شہریوں کی سہولت کے لیے مختلف شہروں میں جدید خودکار کیاسک مشینیں نصب کر دی ہیں، جن کے ذریعے اب شناختی کارڈ کی تجدید یا گمشدہ شناختی کارڈ کی دوبارہ طباعت کے لیے بغیر لمبی قطاروں میں کھڑے ہوئے اور ٹوکن حاصل کیے درخواست دی جا سکتی ہے۔
نادرا کے مطابق ان خودکار مشینوں کا مقصد شناختی دستاویزات سے متعلق خدمات کو تیز، آسان اور شفاف بنانا ہے تاکہ شہری کم وقت میں اپنی درخواست مکمل کر سکیں۔
کیاسک مشین استعمال کرنے کا طریقہ
نادرا کے مطابق درخواست گزار سب سے پہلے مشین کی اسکرین پر اردو یا انگریزی زبان کا انتخاب کرے گا، جس کے بعد اسے اپنا 13 ہندسوں پر مشتمل قومی شناختی کارڈ نمبر درج کرنا ہوگا۔
اگلے مرحلے میں فنگر پرنٹس کی تصدیق کی جائے گی تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ درخواست متعلقہ شہری ہی جمع کرا رہا ہے۔ تصدیق مکمل ہونے کے بعد درخواست گزار اپنا فعال موبائل نمبر درج کرے گا۔
اگر شہری کا پاک آئی ڈی اکاؤنٹ پہلے سے موجود ہوگا تو اس کا ای میل ایڈریس خودکار طور پر اسکرین پر ظاہر ہو جائے گا، بصورت دیگر وہ اپنا ای میل ایڈریس دستی طور پر درج کر سکے گا۔
اس کے بعد درخواست گزار مطلوبہ سروس کا انتخاب کرے گا، جس میں شناختی کارڈ کی تجدید یا گمشدہ شناختی کارڈ کی دوبارہ طباعت کی سہولت شامل ہے۔ گمشدہ شناختی کارڈ کی دوبارہ طباعت کی صورت میں مکمل ترسیلی پتہ بھی فراہم کرنا ہوگا۔
درخواست کے اگلے مرحلے میں مشین میں نصب کیمرے کے ذریعے تصویر لی جائے گی، جس کی منظوری کے بعد درخواست گزار ڈیجیٹل پین کی مدد سے اسکرین پر اپنے دستخط کرے گا۔
تمام معلومات کی تصدیق کے بعد سسٹم ایک کیو آر کوڈ جاری کرے گا، جسے موبائل فون سے اسکین یا محفوظ کر کے آن لائن فیس ادا کی جا سکے گی۔
کن شہروں میں سہولت دستیاب ہے؟
نادرا کے مطابق خودکار کیاسک مشینوں کی سہولت اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، فیصل آباد، جھنگ، سرگودھا، ملتان، بہاولپور، رحیم یار خان، کراچی، حیدرآباد، سکھر، کوئٹہ اور پشاور سمیت مختلف میگا سینٹرز اور رجسٹریشن مراکز میں دستیاب ہے۔
نادرا کا کہنا ہے کہ آئندہ مرحلے میں اس سہولت کو مزید شہروں تک توسیع دی جائے گی تاکہ زیادہ سے زیادہ شہری جدید، تیز رفتار اور خودکار خدمات سے مستفید ہو سکیں۔