شدید گرمی کے بعد لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارش نے موسم کا رنگ بدل دیا، شہر کے کئی علاقوں میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ہوئی، جس کے بعد ٹھنڈی ہواؤں سے گرمی میں کمی واقع ہوگئی۔
محکمہ موسمیات نے لاہور میں وقفے وقفے سے مزید بارش کی پیشگوئی کرتے ہوئے شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔
لاہور میں 100 ملی لیٹر بارش کا ریکارڈ
آج صبح صوبائی دارالحکومت لاہور کے کوٹ لکھپت، ٹاؤن شپ، چوک ناخدا اور سمن آباد کے اطراف بارش ہوئی ، اس کے علاوہ سگیاں اور مناواں کے علاقوں میں بھی بادل برسے، کئی مقامات پر بارش تیز رہی، جس سے سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا تاہم بارش اور ٹھنڈی ہواؤں کے باعث شہر کا موسم خوشگوار ہوگیا اور شہریوں نے سکھ کا سانس لیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں آج وقفے وقفے سے بارش کا امکان برقرار ہے، جبکہ شہر میں بارش کے امکانات 20 سے 80 فیصد تک بتائے گئے ہیں ، واسا لاہور نے شہر میں ہونے والی بارش کے اعداد و شمار بھی جاری کردیے، رپورٹ کے مطابق سب سے زیادہ 75 ملی میٹر بارش ایئرپورٹ اور اطراف میں ریکارڈ ہوئی۔
نشیبی علاقوں، انڈر پاسز اور بارش سے متاثرہ مقامات پر ٹریفک ڈیوٹی بڑھانے کے ساتھ شہریوں کو بند راستوں سے بروقت آگاہ کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
زیادہ پانی جمع ہونے والے مقامات پر بیریئرز اور وارننگ سائنز لگانے، امدادی ٹیموں اور ایمرجنسی گاڑیوں کے لیے راستے کھلے رکھنے پر بھی زور دیا گیا ہے۔ لفٹر اور بریک ڈاؤن سروسز کو فیلڈ میں الرٹ رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ٹریفک پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ بارش کے دوران بجلی کی تاروں اور کھمبوں سے دور رہیں۔ فیلڈ اسٹاف کو بھی اپنی حفاظت یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے
کہاں کہاں بارش ہوگی ؟
محکمہ موسمیات کے مطابق بارش برسانے والا سسٹم اس وقت ملک میں موجود ہے، جس کے باعث پنجاب کے مختلف شہروں سمیت اسلام آباد، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں بھی آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بارش کا امکان ہے۔
اسلام آباد میں بھی آج بادل چھائے ہوئے ہیں اور بعض مقامات پر بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے ، بارش اور ہواؤں کے باعث وفاقی دارالحکومت کے درجہ حرارت میں بھی کمی ریکارڈ ہوئی، جہاں صبح کے وقت درجہ حرارت 24 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد میں دن بھر ہوائیں چلنے سے موسم خوشگوار رہنے کا امکان ہے، دوسری جانب کشمیر، گلگت بلتستان اور خیبر پختونخوا کے بعض علاقوں میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کی مزید بارش کی پیشگوئی کے پیش نظر شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔