پاکستان کے عالمی شہرت یافتہ گلوکار عاطف اسلم نے اپنی کامیابی کے سفر پر بات کرتے ہوئے ایک دلچسپ انکشاف کیا ہے۔
سوشل میڈیا پر 11 ملین سے زائد فالوورز رکھنے والے عاطف اسلم اپنی پُرسوز اور جذبات سے بھرپور گائیکی کے باعث خاص شہرت رکھتے ہیں اور مداح بالخصوص ان کی پُراثر آواز اور بلند سُروں تک باآسانی پہنچنے کی صلاحیت کو سراہتے ہیں۔
حال ہی میں عاطف اسلم نے بھارت کے معروف یوٹیوب چینل کو ایک انٹرویو دیا، جس میں انہوں نے اپنی شہرت، کامیابی اور موسیقی چھوڑنے سے متعلق خیالات پر کھل کر گفتگو کی۔
عاطف اسلم نے اپنی شہرت سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ مجھے کچھ معلوم نہیں تھا، مجھے اس بات کا کوئی اندازہ نہیں تھا کہ میں کامیاب کیسے ہوا؟ آج تک مجھے نہیں معلوم کہ یہ سب کیسے ہوا؟ کیونکہ ایک گانے کے بعد آپ سوچتے ہیں کہ اچھا، اب آگے کیا؟ اور دوسرے گانے کے بعد آپ سوچتے ہیں کہ بس، شاید لوگ مجھے پسند نہیں کرتے، لیکن البم کے بعد صورتحال مشکل ہوجاتی ہے کیونکہ ذمہ داری کا احساس پیدا ہو جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بہت سے لوگ اس کامیابی کو محنت کا نتیجہ قرار دیتے ہیں، لیکن کوئی خاص محنت نہیں تھی، اللّٰہ آپ کو وہیں لے جاتا ہے جہاں وہ آپ کو دیکھنا چاہتا ہے، شہرت یا کامیابی بس یہی ہے۔
عاطف اسلم نے موسیقی چھوڑنے سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ میں نے کبھی موسیقی چھوڑنے یا گائیکی سے کنارہ کشی اختیار کرنے کے بارے میں نہیں سوچا، البتہ کبھی کبھی تخلیقی جمود آجاتا ہے اور میرا ماننا ہے کہ ایک فنکار کے لیے یہ بھی ضروری ہے۔
عاطف اسلم کا مزید کہنا تھا کہ ایک وقت ایسا آتا ہے جب آپ خود کو خالی محسوس کرتے ہیں، ایک فنکار کی حیثیت سے آپ کو ایسے مرحلے اور دور سے گزرنا پڑتا ہے جہاں تخلیقی جمود کا سامنا ہوتا ہے، آپ کچھ لکھ نہیں پاتے لیکن پھر ایک وقت آتا ہے جب آپ کو محسوس ہوتا ہے کہ جام بھر چکا ہے، آپ خاموشی سے بیٹھتے ہیں، اللّٰہ کا شکر ادا کرتے ہیں اور اس کیفیت سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔
واضح رہے کہ حال ہی میں عاطف اسلم نے تقریباً 18 سال بعد اپنے چوتھے سٹوڈیو البم ’صبح آئے نا‘ کی ریلیز کا اعلان کیا ہے ، جس میں آٹھ نئے گانے شامل ہیں۔
گزشتہ دو دہائیوں کے دوران عاطف اسلم پاکستان اور بھارت کی متعدد فلموں کے لیے اپنی آواز دے چکے ہیں، ان کے مقبول گانوں میں ’تیرا ہونے لگا ہوں‘، ’جینا جینا‘، ’پہلی نظر میں‘، ’دل دیاں گلاں‘، ’جینے لگا ہوں‘، ’تو جانے نا‘، ’او ساتھی‘ اور ’میں رنگ شربتوں کا‘ شامل ہیں۔
انہوں نے کوک اسٹوڈیو میں بھی پرفارم کیا، بین الاقوامی موسیقاروں کے ساتھ اشتراک کیا اور دنیا بھر میں موسیقی کے پروگراموں میں حصہ لیتے رہے ہیں، حال ہی میں عاطف اسلم نے برطانوی-آذربائیجانی موسیقار سمی یوسف کے ساتھ ’تو ہی میرا رازداں‘ پیش کیا، جسے ابوظبی کے اتحاد ایرینا میں براہِ راست ریکارڈ کیا گیا تھا۔