بھارتی ٹیلی ویژن انڈسٹری کی سینئر اداکارہ جیاتی بھاٹیا نے اپنی ساتھی و معروف اداکارہ دیپیکا ککڑ کے ہندومذہب چھوڑ کراسلام قبول کرنے کی وجہ بتادی۔
بھارتی ٹیلی ویژن انڈسٹری کی معروف اداکارہ دیپیکا ککڑ کی ساتھی اداکارہ جیاتی بھاٹیا نے انکشاف کیا ہے کہ 2018 میں دیپیکا نے اداکار شعیب ابراہیم سے شادی کی وجہ سے اسلام قبول نہیں کیا تھا۔
ایک حالیہ انٹرویو کے دوران جیاتی بھاٹیا نے بتایا کہ میری دوست دیپیکا اپنی زندگی کے ایک مشکل دور سے گزر رہی تھی، اسی دوران دیپیکا نے اجمیر شریف کی درگاہ پر حاضری دی جہاں انہیں ذہنی سکون اور حوصلہ ملا۔
جیاتی بھاٹیا کے مطابق بعد ازاں دیپیکا نے اپنی مرضی سے اسلام قبول کرنے کا فیصلہ کیا اور اس فیصلے کا شادی سے کوئی تعلق نہیں تھا، دیپیکا نے خود مجھے بتایا تھا کہ یہ مکمل طور پر ان کی ذاتی پسند تھی۔
سینئر اداکارہ نے اس تاثر کو بھی مسترد کیا کہ دیپیکا نے شوہر کے مذہب کے آگے سرِ نگوں کردیا بلکہ دیپیکا اور شعیب ہمیشہ ایک دوسرے کا بھرپور ساتھ دیتے رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ 2025 میں کینسر کی تشخیص کے بعد شعیب نے دیپیکا کا ہر مرحلے پر ساتھ دیا جبکہ دیپیکا بھی سالوں سے شعیب اور ان کے خاندان کی بھرپور حمایت کرتی رہی ہیں۔
واضح رہے کہ دیپیکا ککڑ اور شعیب ابراہیم کی شادی 2018 میں ہوئی تھی اور اس جوڑی کا 3 سالہ بیٹا روحان بھی ہے۔