مکہ معاہدہ خطے میں امن،سلامتی اور خوشحالی کے لیے ہے،وزیراعظم شہباز شریف

مکہ معاہدہ خطے میں امن،سلامتی اور خوشحالی کے لیے ہے،وزیراعظم شہباز شریف

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان ہونے والا مکہ معاہدہ کسی ملک کے خلاف نہیں بلکہ خطے میں امن، سلامتی اور خوشحالی کے فروغ کے لیے ہے، یہ معاہدہ پوری امت مسلمہ کے لیے باعثِ تقویت ہے اور تینوں برادر اسلامی ممالک کے درمیان تعاون کو نئی سمت دے گا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کابینہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان ہونے والا دفاعی معاہدہ کئی برس کی کوششوں کا نتیجہ ہے،انہوں نے کہا کہ اس اہم معاہدے کے لیے طویل عرصے سے کام جاری تھا اور اب اسے عملی شکل دی گئی ہے۔

وزیراعظم نے واضح کیا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی تعاون کوئی نئی بات نہیں، دونوں ممالک کے درمیان گزشتہ برس بھی دفاعی معاہدہ ہوا تھا، جبکہ حالیہ معاہدہ دونوں ممالک کے باہمی تعاون اور دفاعی شراکت داری کو مزید مضبوط بناتا ہے۔

پاکستان اور ترکیہ کے دیرینہ تعلقات

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان بھی دہائیوں پر محیط برادرانہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون موجود ہے، دونوں ممالک ہمیشہ ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں اور دفاع، معیشت، تجارت اور دیگر شعبوں میں تعاون کو مزید آگے بڑھانے کے خواہاں ہیں۔

یہ بھی پڑھیں :مکہ معاہدہ کی خوشی میں پاکستانیوں کا جشن ، ہر طرف تینوں ممالک کے پرچموں کی بہار

وزیراعظم کا کابینہ اجلاس سے خطاب میں کہنا تھا  پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان ہونے والا معاہدہ کسی تیسرے ملک کے خلاف جارحیت یا کارروائی کے لیے نہیں ہے،اس کا بنیادی مقصد باہمی دفاعی تعاون کو مضبوط بنانا، خطے میں امن و استحکام کو فروغ دینا اور مشترکہ سلامتی کے لیے تعاون بڑھانا ہے۔

اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل کو مبارکباد

وزیراعظم شہباز شریف نے معاہدے کی تکمیل میں کردار ادا کرنے پر نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو مبارکباد پیش کی،انہوں نے کہا کہ اس معاہدے کو عملی شکل دینے کے لیے متعلقہ حکام اور اداروں نے اہم کردار ادا کیا، جس پر وہ ان کے شکر گزار ہیں،وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ تینوں ممالک کے درمیان دفاعی اور اسٹریٹجک تعاون آنے والے دنوں میں مزید مضبوط ہوگا۔

دہشتگردی کے خلاف جنگ جاری رہے گی

وزیراعظم شہباز شریف نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف پاکستان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک کی سیکیورٹی فورسز نے دہشتگردی کے خاتمے کے لیے بے مثال قربانیاں دی ہیں اور قوم ان قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے، پاکستان دہشتگردی کے چیلنج کا ڈٹ کر مقابلہ کر رہا ہے اور ان شاء اللہ ملک دہشتگردی سے پاک ہو کر ترقی کی شاہراہ پر گامزن ہوگا۔

قومی ترقی کے لیے امن ضروری

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی معاشی ترقی اور خوشحالی کے لیے ملک میں امن و استحکام بنیادی اہمیت رکھتے ہیں، حکومت دہشتگردی کے خاتمے کے ساتھ ساتھ معیشت کو مضبوط بنانے اور عوام کی فلاح و بہبود کے لیے بھی اقدامات کر رہی ہے۔

شہباز شریف نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان خطے میں امن، استحکام اور باہمی تعاون کے فروغ کے لیے اپنا کردار جاری رکھے گا، انہوں نے کہا کہ برادر اسلامی ممالک کے درمیان مضبوط تعاون نہ صرف متعلقہ ممالک بلکہ پوری امت مسلمہ کے مفاد میں ہے۔

editor

Related Articles